ترکی نے انقرہ کے ناللہان ضلع میں اپنی پہلی’’میوزیکل روڈ‘‘ متعارف کرائی ہے، جہاں گاڑیاں مخصوص رفتار سےگزریں گی تو ترکش ترانہ ’’روندو آلا ترکا‘‘ بجے گا۔
EPAPER
Updated: May 20, 2025, 10:05 PM IST | İstanbul
ترکی نے انقرہ کے ناللہان ضلع میں اپنی پہلی’’میوزیکل روڈ‘‘ متعارف کرائی ہے، جہاں گاڑیاں مخصوص رفتار سےگزریں گی تو ترکش ترانہ ’’روندو آلا ترکا‘‘ بجے گا۔
ترکی نے سڑکوں پر جدیدیت کی جانب ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے دارالحکومت انقرہ کے ناللہان ضلع میں اپنی پہلی’’میوزیکل روڈ‘‘ (Melodic Road) کا افتتاح کیا ہے۔ یہ سڑک خصوصی انداز میں ڈیزائن کی گئی ہے تاکہ گاڑیاں جب ایک مخصوص رفتار سے اس پر گزریں، تو موسیقی کی دھن سنائی دے۔
میوزیکل روڈ کی خصوصیات
ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے وزیر، عبدالقادر اورالوغلو کے مطابق اس سڑک پر مخصوص وقفوں سے گڑھے یا نشانات بنائے گئے ہیں۔ جب گاڑیاں تقریباً۱۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ان پر سے گزرتی ہیں تو ٹائروں کی حرکت سے پیدا ہونے والی وائبریشنز اور آوازیں ایک معروف دھن، موزارٹ کی ’’ترکش مارچ‘‘ (Rondo Alla Turca) میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ یہ شاہراۂ موسیقی ناللہان – بیپازاری سڑک کا۲۱؍واں کلومیٹر، ایئمیر گاؤں کے قریب واقع ہے۔ اس روڈ کی تعمیر کا آغاز۱۲؍ مئی کو ہوا اور۱۶؍ مئی۲۰۲۵ء کو مکمل ہوا۔ یہ منصوبہ ناللہان داووتوغلان وائلڈ لائف ڈیولپمنٹ ایریا سے دور واقع ہے تاکہ جنگلی حیات پر کوئی اثر نہ پڑے۔
مستقبل کے منصوبے
وزیر اورالوغلو نے اعلان کیا کہ دوسرا میوزیکل روڈ منصوبہ۱۷؍ مئی ۲۰۲۵ءکو شروع کیا گیا ہےجو انقرہ – اسکی شہر ہائی وے کے۳۷؍ ویں کلومیٹر پر، سیوری حصار کے قریب کرتک علاقے میں واقع ہے۔ یہ منصوبے رہائشی علاقوں سے دور رکھے جا رہے ہیں تاکہ شور کی شکایات سے بچا جا سکے۔
تکنیکی ضروریات
(۱)سڑک ہموار اور بغیر کسی سطحی نقصان کے ہونی چاہئے۔
(۲)گاڑیوں کو تقریباً ۱۰۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی مستقل رفتار برقرار رکھنی چاہئے۔
(۳)کم ٹریفک والی سڑکیں، خاص طور پر جہاں بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کم ہو، اس نظام کیلئے موزوں ہیں تاکہ دھن کی وضاحت برقرار رہے۔ واضح رہے کہ یہ میوزیکل روڈ نہ صرف ڈرائیورز کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرتی ہے بلکہ انہیں رفتار کی حد کے اندر رہنے کی ترغیب بھی دیتی ہے جو سڑک کی حفاظت کیلئے اہم ہے۔