• Mon, 15 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ترکی: ۱۳؍ ہزار ٹن امدادی سامان لے کر جہاز غزہ کیلئے روانہ

Updated: December 14, 2025, 7:00 PM IST | Ankara

ترکی کی بندرگاہ سے ایک جہاز ۱۳؍ ہزار ٹن امدادی سامان لے کر غزہ کیلئے روانہ ہوا، ترک ریڈ کریسنٹ کی جانب سے’’ ۱۹؍ یںگڈ نیس شپ‘‘ کے ذریعے خوراک، حفظان صحت کے سامان، کپڑے اور کمبل روانہ کئے گئے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ترک ریڈ کریسنٹ کی جانب سے غزہ کے لیے تیار کردہ تقریباً ۱۳؍ ہزار ٹن انسانی امداد لے جانے والا ۱۹؍واں ’’ گڈ نیس شپ ‘‘ سنیچر کو بین الاقوامی بندرگاہ مرسین سے روانہ کر دیا گیا۔غزہ میں قائم ہونے والی جنگ بندی کے بعد  ترکی کی قیادت میں تیز ہونے والی انسان دوست امدادی کوششیں جاری ہیں۔مرسین میں اس جہاز کے لیے رخصتی تقریب منعقد ہوئی، جسے ترک ریڈ کریسنٹ نے کوسوو کے تعاون سے تیار کیا ہے اور اس پر بنیادی طور پر خوراک، حفظان صحت کے سامان، کپڑے اور کمبل لادے گئے ہیں۔توقع ہے کہ جہاز مصر کی بندرگاہ العریش پر پہنچے گا، جہاں سے امداد اتار کر غزہ تک پہنچائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں طوفانی بارش سے بھاری تباہی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک ریڈ کریسنٹ کے بورڈ رکن کامل قرہ دینیز نے کہا کہ وہ ایسے سفر کے لیے جمع ہوئے ہیں جو ’’ترک قوم کی ہمدردی، دعاؤں اور انسان دوست ذمہ داری‘‘ غزہ تک پہنچائے گا۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں دو سال سے جاری انسانیت سوز المیہ نے پوری انسانیت کے ضمیر پر گہرے زخم چھوڑے ہیں۔ قرہ دینیز نے کہا کہ ترک ریڈ کریسنٹ غزہ کی آواز ’’ہر روز‘‘ سنتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ’’ ترکی کے عوام کے عطیات اور تعاون سے انہوں نے غزہ تک ہمدردی کا ایک پل تعمیر کیا ہے۔اب تک خطے میں۱۸؍ ہزار ٹن سے زیادہ انسان دوست امداد پہنچا کر ہم نے ترکی سے غزہ تک امید کا بلا تعطل پل تعمیر کیا ہے۔ غزہ میں اپنے لنگروں کے ذریعے ہم نے انتہائی مشکل حالات میں۳۵؍ ہزار افراد کے لیے گرم کھانا تیار کیا ہے اور ہنوزجاری ہے۔اب تک ہماری تقسیم کردہ۸۰؍ لاکھ سے زیادہ غذائی سپلائی نے ہماری قوم کی ہمدردی غزہ کے دل تک پہنچائی ہے۔ساتھ ہی قرہ دینیز نے زور دیا کہ گڈ نیس جہاز صرف امدادی سامان ہی نہیں بلکہ امید، ضمیر اور انسانی وقار بھی لے کر جارہا ہے۔انہوں نے کوسوو کے عوام اور تمام عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انسان دوست مہم میںاپنی شرکت درج کرائی۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل، اس کے حامی ممالک کوغزہ کی تعمیر نو کے اخراجات ادا کرنے چاہئیں: فرانسسکا

بعد ازاں کوسوو کے انقرہ میں سفیر آگون وریںزی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس امداد کو غزہ کے ان شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا مخلصانہ اظہار قرار دیا جو عدم تحفظ اور نقصان کے درمیان بقا کی جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کوسوو نے ترک ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے امدادی مشن میں ۵؍ لاکھ ۸۰؍ ڈالر کاعطیہ دیا ہے۔انسان دوست امداد محض اعداد، فہرستوں یا ترسیل کے شیڈول کا معاملہ نہیں ہے۔ یہ کوششیں ایک مشترکہ یقین کی عکاس ہیں کہ انسانی وقار حالات سے آزاد ہے۔ یہ بے حسی کا شکار نہ ہونے کے عزم کا اظہار بھی ہے اور دکھاتی ہیں کہ دنیا بھر میں انسانیت سوز المیوں کے حوالے سے حساسیت ابھی برقرار ہے۔درحقیقت، معاشرتی اقدار ایسے وقت میں زیادہ واضح ہوتی ہیں۔ اس کوشش کے پیچھے نہ صرف تنظیم کاری، بلکہ انسانیت اور مشترکہ ذمہ داری کا مضبوط احساس کارفرما ہے۔ آج بندرگاہ سے روانہ ہونے والا جہاز نہ صرف وہ مواد لے جا رہا ہے جو ہم بھیج رہے ہیں، بلکہ ہماری مشترکہ ہمدردی، یکجہتی کے لیے ہمارے عزم، اور ایک زیادہ پر امید کل کے ہمارے یقین کو بھی لے جا رہا ہے۔ہماری خواہش ہے کہ یہ امداد ضرورت مندوں تک جلد از جلد پہنچے اور ان کی تکالیف میں، چہرے پرذرا سی مسکراہٹ آئے۔مرسین ڈپٹی گورنر مرات چاغری اردنچ اور دیگر حکام کی موجودگی میں منعقدہ تقریب میں دعا کے بعد’’ ۱۹؍ یںگڈ نیس شپ‘‘  اپنے سفر پر روانہ کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK