۳۷؍سوالات پوچھے گئے ہیں۔ آخری تاریخ ۱۵؍ نومبر ۔ ملی تنظیموں کی جانب سے آج سے میٹنگوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: October 22, 2026, 11:57 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
۳۷؍سوالات پوچھے گئے ہیں۔ آخری تاریخ ۱۵؍ نومبر ۔ ملی تنظیموں کی جانب سے آج سے میٹنگوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
شدید مخالفت اور آئین کی صریح خلاف ورزی قرار دینےکے باوجود مہاراشٹر حکومت نے یکساں سول کوڈ (یو سی سی )کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے سروے کا آغاز کردیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت کی یوسی سی کمیٹی نے شادی، طلاق، نفقہ، وراثت، جانشینی، لیو اِن رلیشن شپ، کثیر شادی اور مذہبی روایات وغیرہ سے متعلق ۳۷؍ سوالات کا آن لائن سروے جاری کیا ہے۔ہر شہری اور ادارہ ۱۵؍ نومبر ۲۰۲۶ء تک اپنی رائے دے سکتا ہے۔
سروے میں حصہ لینے کا طریقہ
اپنے نام سے ucc.maharashtra.gov.in پر جائیں، تمام۳۷؍ سوالات غور سے پڑھیں اور اپنی رائے درج کریں۔ یہ بھی یاد رکھیںکہ صرف ’نہیں‘ نہ لکھیں بلکہ ہر جواب کے ساتھ مختصر وجہ بھی لکھیں، مثلاً ’یہ میرے مذہبی آزادی کے حق، خاندانی روایت اور وراثت کے حقوق سے متصادم ہے۔ اس لئے وسیع مشاورت اور رضامندی کے بغیر اسے نافذ نہ کیا جائے۔ گھر میں بزرگ، خواتین اور نوجوانوں کو سروے کی اہمیت سمجھائیں اور ان کی رائے دینے میں مدد کریں۔ ہر گروپ میں شیئر کریں ، علمائے کرام اور ائمہ مساجد جمعہ کے خطبے میںبھی اس پرروشنی ڈالیں۔
یہ بھی پڑھئے:ریتو برالا کیلئے کانگریس لائو لشکر کیساتھ میدان میں
آج جمعیۃ علماء کی میٹنگ
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کےصدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایاکہ’’یوسی سی کے تعلق سے لوگوں کی رہنمائی اورسروے میں کس طرح سے شمولیت کی جائے، سوالات کے جوابات کس طرح درج کئے جائیں اور عوام الناس کی کس طرح سے رہنمائی کی جائے، اس ضمن میں آج جمعیۃعلماء کی میٹنگ ہوگی۔اس میںمذکورہ امور پرغور وخوض کیا جائے گا ۔ اس کےبعد منظم انداز میںکام شروع کیا جائے گا ۔‘‘
بورڈ کی ہدایت کے مطابق کام شروع کیاجائےگا
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کےرکن مولانا محمود خان دریاباد ی سے پوچھنے پر کہ یوسی سی کے سروے کے تعلق سے بورڈ کی کیاتیاری ہے ؟تومولانا نے بتایا کہ ’’جلد ہی میٹنگ کرکے اس پرمنظم انداز میں کام شروع کیاجائے گا۔ جیسے وقف ترمیمی ایکٹ کے وقت کیاگیا تھا۔‘‘
’’ہدایت کاانتظار ہے پیغام رسانی جاری ہے‘‘
اس سلسلے میں نمائندۂ انقلاب کے ذریعہ جماعت اسلامی کے رکن انور شیخ سے پوچھنے پر ان کا کہنا تھا کہ’’ ابھی جماعت اسلامی کے ذمہ داران کی ہدایت کا انتظار کیاجارہا ہے، ہدایت ملنے کے بعد فوراً کام شروع کیا جائے گا۔ سرِ دست پیغا م رسانی کی جارہی ہے تاکہ عوام الناس کومہاراشٹر حکومت کی جانب سے یو سی سی کےتعلق سے آن لائن سروے کا علم ہوجائے ۔‘‘ واضح ہوکہ یو سی سی کے خلاف اے پی سی آر کی جانب سے سپریم کورٹ میںپٹیشن داخل کی گئی ہے۔