۳؍گریجویٹ حلقوں(اورنگ آباد، پونے،ناگپور) اور ۲؍ اساتذہ حلقوں(امراوتی اورپونے) کیلئے ۱۸۲؍امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 22, 2026, 12:13 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
۳؍گریجویٹ حلقوں(اورنگ آباد، پونے،ناگپور) اور ۲؍ اساتذہ حلقوں(امراوتی اورپونے) کیلئے ۱۸۲؍امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں۔
مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے ۳؍گریجویٹ حلقوں اورنگ آباد، پونے اور ناگپور ڈویژن اور ۲؍ اساتذہ کے حلقوں : امراوتی اور پونے ڈویژن کے ۲؍سالہ انتخابات کیلئے جمعہ ۲۳؍ اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔ ووٹنگ کا عمل صبح۸؍بجے سے شام ۴؍بجے تک جاری رہے گا اور ۵؍سیٹوں کیلئے کل۱۸۲؍ امیدوار میدان میں ہیں۔ اس الیکشن کیلئے پانچوں حلقوں میں۲؍ ہزار۴۱۹؍ پولنگ اسٹیشن کا انتظام کیا گیا ہے اور ۱۰؍ لاکھ ۶۸؍ہزار۷۲؍ ووٹرز اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ منصفانہ، شفاف اور بے خوف ماحول میں انتخابی عمل کے انعقاد کیلئے انتخابی مشینری تیار ہے۔ یہ دعویٰ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کیاگیاہے۔
چونکہ ان پانچوں حلقوں کے موجودہ اراکین کی میعاد ۶؍ دسمبر ۲۰۲۶ءکو ختم ہو رہی ہے، اس لئے یہ انتخاب الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہو رہا ہے۔ ووٹوں کی گنتی منگل ۲۷؍ اکتوبر کو ہوگی اور انتخابی عمل۳۱؍ اکتوبر۲۰۲۶ءتک مکمل ہو گا۔
یہ بھی پڑھئے:نیہا بورا کی عرضی پر دہلی ہائی کورٹ میں آج سماعت
کس نشست کیلئے کتنے امیدوار
اورنگ آباد ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ سے۴۱
پونے ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ سے۴۷
ناگپور ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ سے ۳۸؍ امید وار
امراؤتی ڈویژن ٹیچر حلقہ سے ۲۶؍ امیدوار
پونے ڈویژن ٹیچر حلقہ سے۳۰؍امیدوار میدان میں ہیں۔
پونے ڈویژن کے گریجویٹ حلقے میں سب سے زیادہ ۴۷؍امیدوار ہیں، اور ووٹر ان پانچوں حلقوں میں ۱۸۲؍امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
کہاں پر کتنے ووٹرز ہیں؟
پانچوں حلقوں میں کل۱۰؍ لاکھ ۶۸؍ ہزار ۷۲؍ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ اس میں پونے ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ میں سب سے زیادہ ۳؍ لاکھ۸۸؍ ہزار ۱۹؍ ووٹر ہیں جبکہ امراؤتی ڈویژن کے ٹیچر حلقہ میں سب سے کم۳۵؍ ہزار۸۱۰؍ ووٹر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ایپسٹین کیساتھ ہردیپ پوری کی تصویر منظر عام پر!
کہاں کتنے پولنگ اسٹیشن
اورنگ آباد ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ میں ووٹنگ کیلئے ۸۴۲؍پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں،
پونے ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ میں۷۴۱،
ناگپور ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ میں۴۴۵،
امراوتی ڈویژن کے ٹیچر حلقہ میں۸۱، اور
پونے ڈویژن کے ٹیچر حلقہ میں ۳۱۰؍ پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ تمام حلقوں میں ووٹنگ کے عمل کو احسن طریقے سے انجام دینے کیئے ضروری منصوبہ بندی کرنے کا دعویٰ انتظامیہ کی جانب سے کیاگیاہے۔
ان اراکین کونسل کی مدت۶؍ دسمبر کو ختم ہوگی
(۱) اورنگ آباد گریجویٹ حلقہ کے ستیش بھانوداس راؤ چوان،
(۲) پونے گریجویٹ حلقہ کے ارون گنپتی لاڈ،
(۳) ناگپور گریجویٹ حلقہ کے ابھیجیت گووند راؤ ونجاری،
(۴) امراؤتی ٹیچر حلقہ سے کرن رام راؤ سرنائیک
(۵) پونے ٹیچرس حلقہ کے جینت دنکر آسگاؤںکر