Inquilab Logo

مہاراشٹر کورونا کی تیسری لہر سے نپٹنے کیلئے تیار ہے: ادھو ٹھاکرے

Updated: July 17, 2021, 12:17 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیراعظم مودی نے جمعہ کو ۶؍ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ آن لائن میٹنگ منعقد کی اورممکنہ تیسری لہر کے پیش نظر کورونا سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔

Uddhav Thackeray.Picture:INN
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے۔تصویر :آئی این این

 وزیراعظم  مودی نے جمعہ کو ۶؍ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ آن لائن میٹنگ منعقد کی  اورممکنہ تیسری لہر کے پیش نظر کورونا سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ اس میٹنگ میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ نے ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ مہاراشٹر کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ساتھ ہی  سیاسی پروگرام ، آندولن ،مذہبی   اور سماجی تقریبات میں ہونے والی بھیڑ کو روکنے کیلئے قومی سطح پر ایک جامع پالیسی بنانے پر زور دیا۔ 
مریضوں کی تعداد میں مزید کمی آئے گی
 وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ ’’اگرچہ مہاراشٹر میں مریضوں اور اموات کی تعداد کم ہورہی ہے لیکن اسے مزید کم کرنے کی ضرورت ہے۔ہم فرنٹ لائن ورکرس کی ٹیکہ کاری  میں بھی تیزی لا رہے ہیں اور  ویکسین کے ضیاع کی شرح بھی کم ہے۔‘‘کورونا  کی صورتحال پر وقتا فوقتا ریاستوں کی رہنمائی کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  وزیر اعلی  نے کہا کہ نہ صرف مہاراشٹر  ، بلکہ ہر جگہ ، لوگ گھروں سے باہر  بھیڑ کر رہے ہیں ۔ سیاحت اور خریداری شروع ہو گئی ہے ۔ مذہبی  اور سیاسی  پروگرام ہو رہے ہیں۔ ریاست اس کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے ، لیکن مرکزی سطح پر بھی ، ایسا لگتا ہے کہ ہمیں کوئی جامع پالیسی  بنانی چاہئے۔
سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کیلئے مدد درکار
  ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ریاست کو زیادہ سے زیادہ  ٹیکے ملنے چاہئیں ۔ ساتھ ہی ضروری ادویات کی قیمتوں پر قابو رکھا جائے ۔ انہوں نے کووڈکے بعد کے علاج کیلئے سینٹر آف ایکس لینس قائم کرنے کیلئے مرکز سے مدد طلب کی۔ 
آکسیجن کی ضرورت ہے
 ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ مرکز کی طرف سے دی جانے والی رقم پر غور کرتے ہوئے ، تیسری ممکنہ لہر میں ، ریاست کو یومیہ۴؍ ہزار میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت ہوگی۔ ہم۲؍  ہزار میٹرک ٹن پیدا کرسکتے ہیں۔ باقی۲؍ ہزار میٹرک ٹن آکسیجن نزدیکی ریاستوں  سے مہیا ہوگی تو ہی بڑی راحت ملے گی۔  بھیلائی ،  جام نگر اور  بیلاری اسٹیل پلانٹ سے ایل ایم او مہاراشٹر کو مل سکے اس کیلئے مرکز کو مدد  فراہم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر ضلع میں۵۳۰؍ پی ایس اے آکسیجن پلانٹس لگائے جارہے ہیں ۔
زیادہ ٹیکے دیئے جائیں
 یہ بتاتے ہوئے کہ مغربی مہاراشٹر اور کوکن کے۸؍ سے ۱۰؍ اضلاع اب بھی متاثر ہیں ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت یہاں۸۷ء۹۰؍ لاکھ ڈوز دیئے جا رہے ہیں اس لئے مزید ۳؍ کروڑ ڈوز درکار ہوں گے تو ان شہریوں کی ٹیکہ کاری کی جاسکے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے ادویات کی قیمتوں کو کم کرنے اور شہریوں کو ماسک لگانے اور افرادی فاصلہ قائم رکھنے جیسے اصولوں سے بیدار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK