• Sat, 18 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برطانیہ: جانسن اینڈ جانسن کے خلاف بے بی پاؤڈر کے ہزاروں ممکنہ متاثرین کا مقدمہ

Updated: October 18, 2025, 9:03 PM IST | London

برطانیہ میں جانسن اینڈ جانسن کو ہزاروں افراد کی جانب سے بے بی پاؤڈر میں کینسر پیدا کرنے والے مادے کے الزام پر مقدمے کا سامنا ہے، بے بی پاؤڈر میں ایسبس ٹاس کے استعمال کے خلاف امریکہ میں ہزاروں افراد کے مقدمہ دائر کرنے کے بعد اب برطانیہ میں ۳۰۰۰؍ افرادنے عدالت کا رخ کیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مشہور جلد اور بچوں کی دیکھ بھال کی مصنوعات بنانے والی کمپنی جانسن اینڈ جانسن (J&J) پر، اس کی ٹالک مصنوعات میں کینسر پیدا کرنے والے ایسبس ٹاس(asbestos) کی موجودگی کے باعث برطانیہ میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ یہ امریکہ میںجانسن اینڈ جانسن کمپنی کے خلاف ہزاروں مقدمات کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ مقدمہ اس ہفتے کے شروع میں انگلش ہائی کورٹ میںجے اینڈ جے اور کینویو یوکے لمیٹڈ کے خلاف دائر کیا گیا، جو کینویو کی ذیلی کمپنی ہے۔ رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ پہلے جے اینڈ جےکی سابق کنزیومر ہیلتھ اکائی تھی۔کے پی لاء نامی قانونی فرم نے یہ مقدمہ ۳۰۰۰؍ سے زائد افراد کی جانب سے دائر کیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ وہ۱۹۶۵؍ سے۲۰۲۳ء کے درمیان جانسن اینڈ جانسن کے بے بی ٹالکم پاؤڈر کے استعمال کے بعد اورین کینسر،میسوتھیلیوما یا دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔ انہوں نےایک ارب ۳۰؍ کروڑ ڈالر سے زائد کے معاوضے کا دعویٰ بھی پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کی رفح کراسنگ اتوار کو دوبارہ کھلنےکا امکان:اسرائیل کا اعلان

مقدمے کے مطابق، الزام یہ ہے کہ جے اینڈ جے کی ٹالک مصنوعات میں کینسر پیدا کرنے والے مادے بشمول ایسبس ٹاس، موجود ہیں۔ مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ’’ کمپنی نے منافعکی لالچ  میں اسے بازار میں برقرار  رکھا۔ اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ جے اینڈ جے نے اپنے معدنی ٹالک کو برطانیہ سے صرف۲۰۲۳ء میں واپس لیا، جبکہ اسے شمالی امریکہ کے بازار سے تین سال قبل ہٹا دیا گیا تھا۔ درحقیقت، عالمی ادارہ صحت کی کینسر ایجنسی نے گزشتہ سال جولائی میں اس بےبی پاؤڈر کو انسانوں کے لیے ’’ممکنہ طور پر کینسر پیدا کرنے والا‘‘ قرار دیا تھا۔مقدمے میں نامزد کمپنی نے اپنی ٹالک مصنوعات میں کسی بھی کینسر پیدا کرنے والے مادے کی موجودگی سے انکار کیا ہے، اور اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ تمام عمرکے لوگوں کے لیے محفوظ ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں۷۰؍ہزار ٹن ملبہ اور ۲۰؍ہزار بم اب بھی موجود

بعد ازاں جانسن اینڈ جانسن کے ایک ترجمان نے تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’بے بی پاؤڈر  برطانیہ اور دنیا بھر میں آزاد اور معروف لیبارٹریز، یونیورسٹیوں اور صحت کے حکام کے برسوں کی جانچ کے بعد محفوظ ثابت ہوا ہے۔‘‘ ترجمان نے مزید کہا کہ’’ پاؤڈر میں استعمال ہونے والا اعلیٰ معیار کا کاسمیٹک گریڈ ٹالک ،تمام مطلوبہ ریگولیٹری معیارات کے مطابق تھا، اس میں ایسبس ٹاس موجود نہیں تھا، اور یہ کینسر کا سبب نہیں بنتا۔
اگرچہ یہ پہلا موقع ہے کہ برطانیہ میں جے اینڈ جے پر۳۰۰۰؍ افراد کی جانب سے ایسا الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ امریکہ میں اس سے قبل کمپنی پر متعدد مقدمات ہو چکے ہیں۔اس سے قبل، جے اینڈ جے  نے خود کو دیوالیہ ظاہر کر کے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن امریکی وفاقی عدالتوں نے اسے کئی بار مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے ٹالک پاؤڈر اور اوارین کینسر سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے موصول ہونے والی ۹۰؍ ہزار شکایات کے لیے تقریباً۸؍ ارب ڈالر کے تصفیے کے پیشکش کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے، کمپنی کو امریکہ میں میسو تھیلیوما سے انتقال کرنے والی ایک خاتون کے خاندان کو ۹۶۶؍ملین ڈالر کا تعزیری جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایک تحقیق میں پایا گیا کہ اس پاؤڈر کے باقاعدہ استعمال کرنے والی خواتین میں اورین کینسر کا خطرہ ۳۰؍ سے ۳۲؍ فیصد زیادہ تھا۔ نیشنل لائبریری آف میڈیسن میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کا عنوان ’’ڈی کوڈنگ دی لنک بیٹوین ٹالکم پاؤڈر اینڈ اوورین کینسر‘‘ ایک جامع جائزہ  تھا۔ ایسبس ٹاس کی موجودگی اور ٹالک ذرات کے بار بار استعمال کرنے پر مرکوز، مطالعات اس مفروضے کی تصدیق کے لیے کوئی مستقل یا اعداد و شمار کے لحاظ سے اہم نتیجہ اخذ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ جبکہ کینسر کو جینیاتی ساخت اور حیاتیاتی امکان سے جوڑتے ہوئے، ٹالک کے استعمال کو براہ راست کینسر پیدا کرنے والا قرار نہیں دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK