Updated: November 23, 2026, 2:03 PM IST
| London
برطانوی تھنک ٹینک رنیمیڈ ٹرسٹ کی تحقیق کے مطابق اسلاموفوبیا صرف نفرت انگیز بیانات، حملوں یا انفرادی تعصب تک محدود نہیں، بلکہ تعلیم، ملازمت اور رہائش جیسے ادارہ جاتی نظاموں میں بھی اس کی جھلک نظر آتی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یکساں حالات میں بھی مسلمان ملازمین کو غیر مسلموں کے مقابلے میں ۱ء۸؍ فیصد کم فی گھنٹہ اجرت ملتی ہے، جبکہ مسلم گریجویٹس کے فرسٹ کلاس ڈگری حاصل کرنے کی شرح بھی نمایاں طور پر کم ہے۔
علامتی تصویر۔ تصویر: سوشل میڈیا۔
برطانیہ میں مسلمانوں کو درپیش عدم مساوات پر مبنی رپورٹ ’سسٹمک اینڈ سائلنٹ: انڈراسٹینڈنگ اسٹرکچرل اسلاموفوبیا اِن دی یوکے‘ میں کہا گیا ہے کہ اسلاموفوبیا کو صرف کسی فرد کے متعصبانہ رویے یا مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔ اس کے اثرات ایسے پالیسیوں، ادارہ جاتی طریقۂ کار اور سماجی ڈھانچوں میں بھی موجود ہیں جو مسلمانوں کے تعلیمی مواقع، آمدنی، رہائشی حالات اور صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ رنیمیڈ ٹرسٹ نے اس تحقیق کے لیے قومی سطح کے ۳؍ بڑے ڈیٹا سیٹس کے ساتھ مردم شماری اور اعلیٰ تعلیم کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عمر، جنس، علاقے اور ملازمت کے شعبے جیسے عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی مسلمان ملازمین کی فی گھنٹہ درمیانی اجرت ۲۵ء۱۵؍ پاؤنڈ رہی، جبکہ غیر مسلم ملازمین کو ۲۶ء۱۷؍ پاؤنڈ ملے۔ اس طرح مسلمانوں کو فی گھنٹہ ۰۱ء۲؍ پاؤنڈ، یعنی ۱ء۸؍ فیصد کم اجرت ملتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فرق صرف کم تنخواہ والے کاموں تک محدود نہیں بلکہ آمدنی کے مختلف درجوں میں موجود ہے۔ مسلمان ملازمین کی بڑی تعداد مہمان نوازی، تقسیم اور ٹرانسپورٹ جیسے شعبوں میں بھی کام کرتی ہے، جہاں ملازمت کا تحفظ اور اجرت نسبتاً کم ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہند رجب فاؤنڈیشن کا امریکہ سے سابق اسرائیلی وزیرِدفاع کے خلاف جنگی جرائم پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ
تعلیم کے میدان میں رپورٹ ایک دلچسپ تضاد کی نشان دہی کرتی ہے۔ سماجی و معاشی مشکلات کے باوجود ۳۲؍ برس کی عمر تک مسلمانوں میں ڈگری حاصل کرنے کے امکانات غیر مسلموں کے مقابلے میں دوگنے سے زیادہ پائے گئے۔ اس کے باوجود اعلیٰ تعلیمی کامیابی کے اگلے مرحلے پر فرق برقرار ہے۔ تعلیمی سال ۲۵۔۲۰۲۴ء میں صرف ۷ء۱۹؍ فیصد مسلم گریجویٹس کو فرسٹ کلاس ڈگری ملی، جبکہ غیر مسلم گریجویٹس میں یہ شرح ۳ء۲۹؍ فیصد تھی۔ یہ فرق ۱۹۔۲۰۱۸ء سے مسلسل برقرار ہے۔ مسلم گریجویٹس کو ملازمت کے بعد بھی کم آمدنی کا سامنا ہے؛ جنس کے فرق کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی وہ غیر مسلم گریجویٹس کے مقابلے میں ہفتہ وار تقریباً ۴۵؍ پاؤنڈ کم کماتے ہیں۔ رہائش کے شعبے میں بھی عدم مساوات نمایاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق ۱۸؍ فیصد مسلم گھرانے اپنی آمدنی کا کم از کم ۳۰؍ فیصد رہائش پر خرچ کرتے ہیں، جبکہ غیر مسلم گھرانوں میں یہ شرح ۹؍ فیصد ہے۔ مسلمانوں میں اپنے گھر کے مالک ہونے کی شرح ۴ء۶۹؍ فیصد ہے، جبکہ غیر مسلموں میں ۴ء۸۱؍ فیصد۔۲۰۲۱ء کی مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق مسلمان تقریباً ۴؍گنا زیادہ امکان کے ساتھ گنجان آباد گھروں میں رہتے ہیں۔ رپورٹ اس صورتِ حال کو صحت کے مسائل سے بھی جوڑتی ہے اور بتاتی ہے کہ زیادہ افراد کے ایک ہی گھر میں رہنے سے جسمانی اور ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اے آئی کے بڑھتے اثرات کے درمیان کیمبرج ڈکشنری کا ورڈ آف دی ایئر ’ہیومن‘
رنیمیڈ ٹرسٹ کی چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر شبانہ بیگم نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا پر بحث کو انفرادی حملوں اور نفرت انگیز واقعات تک محدود رکھنے کے بجائے ان سماجی نظاموں کا جائزہ لینا ضروری ہے جو خاموشی سے مسلمانوں کے مواقع اور زندگی کے نتائج کو متاثر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم، روزگار اور رہائش کے اداروں میں غیر منصفانہ رویوں کے لیے جواب دہی اور اصلاح کا نظام ہونا چاہیے۔ رپورٹ میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسلمانوں کو باقاعدہ طور پر ایک نسلی و مذہبی گروہ (Ethnoreligious Group) تسلیم کیا جائے، بڑے اداروں کے لیے مذہب اور جنس کے اعتبار سے تنخواہوں کے فرق کی رپورٹنگ لازمی بنائی جائے اور یونیورسٹیوں میں امتیازی نتائج کی نگرانی کے لیے قومی فریم ورک قائم کیا جائے۔ اس کے علاوہ مساوات کے قانون ۲۰۱۰ء کی دفعہ ۱۴؍ نافذ کرنے، جس کے تحت مذہب اور نسل یا مذہب اور جنس کی بنیاد پر مشترکہ امتیاز کے خلاف قانونی کارروائی ممکن ہو، اور سستی و سماجی رہائش کے مواقع بڑھانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ رپورٹ کا بنیادی مؤقف ہے کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے صرف نفرت انگیز واقعات کی مذمت کافی نہیں، بلکہ ان ادارہ جاتی ڈھانچوں میں تبدیلی ضروری ہے جو عدم مساوات کو برقرار رکھتے ہیں۔