• Mon, 27 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاست کے مختلف حصوں میں بےموسم بارش کا قہر

Updated: October 27, 2025, 1:55 PM IST | Agency | Mumbai /Pune

تیار فصلیں تباہ ہونے سے کسانوں کو بھاری نقصان ،محکمہ موسمیات نے کئی اضلاع کے لئے اگلے دو تین دنوں کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

Unseasonal rains in Nashik district have flooded fields and destroyed standing crops. Photo: INN
ناسک ضلع میں ہونیوالی بے موسم بارش کے سبب کھیتوں میں پانی بھرگیا ہے اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ تصویر: آئی این این
ریاست میں ایک بار پھر بےموسمی بارش نے زوردار دستک دی ہے۔ کوکن، مغربی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کئی اضلاع میں پچھلے دو دنوں سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آسمان پر بادل چھائے ہونے سے موسم خوشگوار ضرور ہوا ہے، مگر کسانوں کیلئے یہ بارش تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ کولہاپور، سانگلی، رتناگیری اور ہنگولی میں ہوئی موسلادھار بارش کے باعث کٹائی کے قریب پہنچے ہوئے کھیت پانی میں ڈوب گئے ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر فصلوںکو نقصان پہنچا ہے۔ ستمبر کی شدید بارش اور واپسی کے مانسون کے بعد اب اس بےموسمی بارش نے کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات(آئی ایم ڈی) کی تازہ پیشگوئی کے مطابق اگلے چار دنوں تک کوکن، وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے علاقوں میں بارش کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ کئی اضلاع کے لئے’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے اور شہریوں اور کسانوں سے موسم میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
مہاراشٹر میں بے وسم  بارش کا سبب کیا ہے؟
فی الحال مشرقی بحرعرب پر کم دباؤ کا زون بنا ہوا ہے، جو آنے والے دنوں میں شمال کی سمت بڑھے گا۔ اس کے اثر سے مہاراشٹر کے ساحلی اور اندرونی علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہر موسمیات میوریش پربھونے کے مطابق، اس سسٹم کا اثر کوکن سے لے کر ودربھ تک محسوس کیا جائے گا اور بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
اسی کے ساتھ، جنوب مشرقی خلیج بنگال میں ایک اور کم دباؤ کا علاقہ بنتا نظر آرہا ہے۔ آئندہ دو دنوں میں یہ نظام مزید طاقتور ہو کر طوفان کی شکل اختیار کرے گا اور۲۷؍ اکتوبر کو شمال مغربی سمت بڑھتے ہوئے آندھرا پردیش اور ادیشہ  کے ساحلوں کی طرف جانے کا امکان ہے۔ ان دونوں موسمی نظاموں کے مشترکہ اثر سے مہاراشٹر کے بیشتر حصوں میں زوردار بارش ہوگی، ایسا محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے۔ امکان ہے کہ  نومبر کے آغاز میں موسم معمول پر آ جائے گا اور خشک حالات دوبارہ لوٹیں گے۔
اضلاع کے لحاظ سے الرٹ
خیال رہے کہ ۲۶؍ اکتوبر کیلئے ممبئی، تھانے، پال گھر، رائے گڑھ، رتناگیری، پونے، احمد نگر، ناسک، دھولیہ، نندُربار، شولاپور ، عثمان آباد، لاتور، ناندیڑ اور ودربھ کے لئے یلوالرٹ جاری کیا گیا تھا۔
۲۷؍ اکتوبر: رائےگڑھ، پونے، احمد نگر، بیڈ، بلڈانہ، اکولہ، امراوتی، ایوت محل، ناگپور، گڈچرولی میں یلو الرٹ، دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان۔
۲۸؍  اکتوبر: سندھودرگ، کولہاپور، ناندیڑ، ناگپور، گوندیا، چندرپور، گڈچرولی اضلاع میں ’یلو الرٹ‘، جبکہ مراٹھواڑہ اور جنوبی وسطی مہاراشٹر میں ہلکی بارش کی پیشگوئی۔
جنوبی کوکن کی صورتحال
بحر عرب اور خلیج بنگال میں بنے کم دباؤ کے علاقوں کے اثر سے سندھودرگ ضلع میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ طوفانی کیفیت کے سبب سمندر میں ماہی گیری بند کر دی گئی ہے، اور کئی کشتیاں دیوگڑھ بندر اور گجرات کے ساحلوں پر لنگرانداز ہیں۔ محکمہ موسمیات نے۲۸؍ اکتوبر تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔
 نندوربار میں زوردار بارش، چاند سیلی گھاٹ پر لینڈ سلائڈنگ
سام ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نندوربار ضلع میں مسلسل بارش کے باعث چاند سیلی گھاٹ کے ’سات پائری وَلنار‘ مقام پر تودہ گر گیا ہے۔ اونچے پہاڑ سے بڑے بڑے پتھر اور مٹی کا ڈھیر  سڑک پر گرنے سے گھاٹ کا راستہ بند ہو گیا ہے۔ نتیجتاً دھڑگاؤں تعلقہ کو نندوربار سے جوڑنے والا راستہ بند پڑا ہے اور دونوں جانب گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ 
ناسک ضلع کے کئی علاقوں میں پچھلے دو دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی دوران ضلع کے نپھاڑ تعلقہ کے مشرقی حصے میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش نے تباہی مچا دی۔ اس بارش کے باعث کھڑی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ بالخصوص گولے گاؤں، گوندے گاؤں  اور اطراف کے علاقوں میں بارش کی شدت زیادہ رہی۔ موسلادھار بارش کے نتیجے میں ندیوں میں طغیانی آ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK