Updated: November 04, 2025, 10:19 PM IST
| Luckhnow
لکھنؤ میں سپریم کورٹ اور ضلعی عدالتوں کے ۳۰۰؍ سے زائد ججوں، پولیس و طبی افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے پورے ہندوستان میں غریبوں اور پسماندہ افراد کیلئے انصاف تک آسان رسائی یقینی بنانے کی ایک بڑی مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ملک کا پہلا قانونی اے آئی چیٹ بوٹ ’’نیائے مارگ‘‘ لانچ کیا گیا، جو اینڈرائیڈ فون پر دستیاب ہے اور ہندی میں قانونی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
اتوار کو لکھنؤ میں ایک اہم تقریب کے دوران سپریم کورٹ اور ضلعی عدالتوں کے تقریباً ۳۰۰؍ ججوں، سیکڑوں پولیس اور طبی افسران سمیت متعدد اسٹیک ہولڈرز نے پورے ہندوستان میں غریب اور پسماندہ طبقات کو انصاف کی فراہمی کیلئے ایک بڑی مہم کا آغاز کیا۔ اس تقریب میں ’’نیائے مارگ‘‘ نامی اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرایا گیا، جو ملک کا پہلا قانونی چیٹ بوٹ ہے۔ یہ ایپ اتر پردیش میں اینڈرائیڈ فون کے ذریعے دستیاب ہے، جہاں شہری ہندی زبان میں قانونی مدد اور معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس جدید سہولت کا افتتاح چیف جسٹس آف انڈیا (ڈیزگنیٹ) جسٹس سوریہ کانت اور سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس وکرم ناتھ نے کیا۔
یہ بھی پڑھئے: عمر خالد، شرجیل امام اوردیگر کیلئے زوردار دلائل لیکن فیصلے کا ہنوز انتظار
اس موقع پر جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ ’’ملک کے سب سے محروم شہریوں کو انصاف فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال سے یہ اسکیم انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز اور آسان بنائے گی۔‘‘ جسٹس وکرم ناتھ نے اتر پردیش کے عدالتی نظام کو ملک کا بہترین نظام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’غریبوں اور پسماندہ افراد کو انصاف کی فراہمی کی مہم مسلسل جاری رہے گی۔‘‘
اتر پردیش اسٹیٹ لیگل سروسیز اتھاریٹی (یو پی ایس ایل ایس اے) کی چیئرپرسن ڈاکٹر منو کالیا کے مطابق ’’نیائے مارگ اینڈرائیڈ صارفین کیلئے گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ یہ ایک ہندی زبان میں انٹرایکٹو چیٹ بوٹ ہے، جہاں شہری این اے ایل ایس اے اور یو پی ایس ایل ایس اے کےایس او پیز سے متعلق سوالات پوچھ سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ اس چیٹ بوٹ میں تقریباً ۱۵۰۰؍ سوالات اور ان کے درست جوابات شامل کئے گئے ہیں، جو سرکاری اسی او پیز پر مبنی ہیں۔ڈاکٹر کالیا نے کہا کہ مستقبل میں ایپ کو اتر پردیش کی دیگر علاقائی زبانوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ یہ سہولت ریاست کے ہر کونے تک پہنچ سکے۔
یہ بھی پڑھئے: غیرقانونی تبدیلی مذہب معاملہ: الہ آباد ہائی کورٹ کا یوگی حکومت پر۷۵؍ ہزارجرمانہ
اس تقریب میں الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس ارون بھسالی، جسٹس منوج کمار گپتا (قائم مقام چیئرپرسن یو پی ایس ایل ایس اے) اور دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس ڈی کے اپادھیائے بھی موجود تھے۔ تقریب میں ۶۰۰؍ سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں جوونائل پولیس یونٹ کے افسران، چیف میڈیکل آفیسر، پروبیشن آفیسرز اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔
ماہرین کے مطابق ’’نیائے مارگ‘‘ ایپ ہندوستان میں انصاف کے ڈجیٹل انقلاب کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔ اس جدید اے آئی چیٹ بوٹ کے ذریعے نہ صرف قانونی معلومات عام شہریوں تک پہنچیں گی بلکہ غریب اور پسماندہ طبقے کو عدالتی مدد حاصل کرنے میں حقیقی آسانی میسر آئے گی۔