’لوکل سرکلس‘کے سروے میں انکشاف، لین دین کی تعداد ۴؍ فیصد کم ہوسکتی ہے، کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ اور نقد ادائیگی میں اضافہ کے واضح اشارے ملے، تاجر بھی اضافی بوجھ سے پریشان۔
EPAPER
Updated: October 05, 2026, 12:53 PM IST | Agency | New Delhi
’لوکل سرکلس‘کے سروے میں انکشاف، لین دین کی تعداد ۴؍ فیصد کم ہوسکتی ہے، کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ اور نقد ادائیگی میں اضافہ کے واضح اشارے ملے، تاجر بھی اضافی بوجھ سے پریشان۔
۱۵؍اکتوبر سےیو پی آئی کے ذریعہ ۲؍ ہزار روپے سے زیادہ کی ادائیگیوں پرمرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) کے طورپر۰ء۴ء فیصد چارج نافذ ہونے کے بعد یو پی آئی کے ذریعے ماہانہ لین دین کی مجموعی مالیت میں۱۰؍فیصد اور لین دین کی تعداد میں۴؍ فیصد تک کمی کا امکان ہے۔ لوکل سرکلس کے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اضافی چارج عائد ہونے کی صورت میں بڑی تعداد میں صارفین یو پی آئی کے بجائے نقد رقم، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ اور بینک ٹرانسفر کے ذریعے ادائیگی کو ترجیح دیں گے۔
لوکل سرکلس کے سی ای او سچن ٹپاریہ کے مطابق، یہ اندازہ تاجروں اور صارفین میں کئے گئے الگ الگ سرویز کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔۲؍اکتوبر کو اس سروے کے نتائج جاری کئے گئے۔ سروے میں ملک کے۲۹۱؍ اضلاع کے۶۷؍ ہزار سے زائد یو پی آئی صارفین سے بات چیت کی گئی۔ ۱۴؍فیصد صارف ۲؍ ہزار روپے سے زیادہ کی ادائیگی پر اضافی چارج برداشت کرتے ہوئے یو پی آئی کا استعمال جاری رکھنے کیلئے تیار ہیں جبکہ ۲۷؍ فیصد نے نقد رقم،۲۶؍ فیصد نے کریڈٹ کارڈ اور۱۴؍ فیصد نے ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی بات کہی ہے۔ مجموعی طور پر۷۶؍فیصد صارفین نے کہا کہ اضافی لاگت عائد ہونے پر وہ بڑی ادائیگیوں کیلئے متبادل ذرائع اختیار کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: آج سے اوٹاوا میں ہند-کنیڈا تجارتی معاہدہ پر مذاکرات
ایم ڈی آر وہ فیس ہے جو ڈجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے کے عوض تاجر بینکوں اور ادائیگی کی کمپنیوں کو ادا کرتے ہیں۔ حکومت نے۱۴؍ستمبر کواعلان کیا تھا کہ ۱۵؍ اکتوبر سے ۲؍ ہزار روپے سے زائد کی مرچنٹ ادائیگیوں پر ۰ء۴ء فیصد ایم ڈی آر نافذ ہوگا۔ جو تاجر یو پی آئی کیو آر کوڈ کے ذریعہ ماہانہ ایک لاکھ روپے تک وصول کرتے ہیں انہیں چھوٹے تاجروں کے زمرہ میں رکھ کر اس سے استثنیٰ کیا گیا ہے۔
تاجروں میں بھی مجوزہ چارج پر تذبذب ہے۔ اگست میں لوکل سرکلس کے ایک سروے میں۴۱؍ فیصد تاجروں نے کہا تھا کہ وہ یو پی آئی ادائیگیوں پر کسی بھی قسم کا ایم ڈی آر برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، جبکہ ۱۷؍فیصد نے ۰ء۴؍ فیصد چارج ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ مزید ۱۵؍ فیصد تاجروں نے زیادہ سے زیادہ۰ء۰۴؍ فیصد ایم ڈی آر عائد کرنے کا مطالبہ کیاتھا جبکہ ۹؍ فیصد تاجروں نے بتایا کہ وہ یو پی آئی ادائیگیاں قبول ہی نہیں کرتے۔