رواں سال کے آخرتک سمجھوتےکو حتمی شکل دینے کا عزم، اس ماہ کے اواخر میں کنیڈا کے وزیر تجارت ہندوستان آئیں گے، دسمبر میں مودی کادورہ متوقع۔
EPAPER
Updated: October 05, 2026, 12:48 PM IST | Agency | Ottawa
رواں سال کے آخرتک سمجھوتےکو حتمی شکل دینے کا عزم، اس ماہ کے اواخر میں کنیڈا کے وزیر تجارت ہندوستان آئیں گے، دسمبر میں مودی کادورہ متوقع۔
ہندوستان اور کنیڈا کے درمیان مجوزہ جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (سی ای پی اے) کیلئے پانچویں دور کے مذاکرات۵؍اکتوبر کوکنیڈا کے شہر اوٹاوا میں شروع ہوں گے۔دونوں ممالک کا مقصد رواں سال کے آخر تک ان مذاکرات کو مکمل کرنا ہے۔ مذاکرات کا یہ دور دن تک جاری رہے گا اور۹؍ اکتوبر کو ختم ہونے کی توقع ہے۔ اس سے قبل مذاکرات کا چوتھا دور۱۸؍ستمبر کو نئی دہلی میں مکمل ہوا تھا۔
خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی ‘کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں کیونکہ فریقین کیلنڈر سال کے اختتام تک معاہدے کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں۔ ان مذاکرات کی اہمیت اس لئے بھی بڑھ گئی ہے کہ کنیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی دسمبر کے آس پاس کنیڈا کا دورہ کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سرکار کی توجہ مائیلیج میں اضافہ اور آلودگی میں کمی پر
اسی ماہ منند سنگھ سدھو کا دورہ ہند
مذاکرات کو رفتار دینے کیلئےکنیڈا کے وزیر تجارت منندر سدھو رواں ماہ کے آخر میں۳۰۰؍رکنی کاروباری وفد کے ساتھ نئی دہلی کا دورہ کرنے والے ہیں۔ سدھو اور ہندوستان کے وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے گزشتہ ماہ ممبئی میں ملاقات کرکے مذاکرات کی پیش رفت کا جائزہ لیا تھا۔
ہندوستان اور کنیڈا نے اس معاہدہ کیلئے پہلی بار۲۰۱۵ء میں مذاکرات شروع کئے تھے۔ دونوں ممالک نے۲۰۱۵ء سے۲۰۱۷ءکے درمیان نصف درجن سے زیادہ دور کے مذاکرات کئے، تاہم بعد میں یہ عمل روک دیا گیا۔مارچ ۲۲ء میں دونوں ممالک نے عبوری معاہدے کیلئے مذاکرات دوبارہ شروع کئے، جسے باضابطہ طور پر ارلی پروگریس ٹریڈ ایگریمنٹ (ای پی ٹی اے) کا نام دیا گیا تھا۔
۲۰۲۳ء میں مذاکرات روک دیئے گئے تھے
تاہم ۲۳ءمیں آپسی تعلقات خراب ہونے کے بعد کنیڈا نے مذاکرات ایک بار پھر روک دیئے تھے۔ اس وقت کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے خالصتان حامی ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں ہندوستانی ایجنسیوں کےممکنہ رول کا الزام لگایا تھا، جسے ہندوستان نے بے بنیاد خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ایرانی ریال مزید کمزور، ڈالر ۲۶؍ لاکھ ۸۸؍ ہزار ریال تک پہنچ گیا
جامع اقتصادی شراکت داری معاہد ہ کیا ہے؟
جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (سی ای پی اے) آزاد تجارتی معاہدہ کی ایک قسم ہے، جس کے تحت دو ممالک باہمی تجارت کی جانے والی زیادہ تر اشیا پر کسٹم ڈیوٹی میں نمایاں کمی یا اسے مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان معاہدوں کا مقصد ہنرمند پیشہ ور افراد کی آمد و رفت کے ضوابط کو آسان بنانا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا بھی ہوتا ہے۔ معاہدہ سے ہند-کنیڈا تجارت میں اضافہ کی امید ہے جو گزشتہ ایک سال میں کم ہوئی ہے۔
۲۰۲۵ء میں ہند -کنیڈا مذاکرات بحال ہوئے
۲۰۱۵ء میں تجارتی معاہدہ کیلئے مذاکرات شروع ہوئے جو ۲۰۱۷ء تک تیزی سے چلے اس کے بعد تعطل کا شکار ہوگئے۔ ۲۲ء میں انہیں بحال کیاگیا مگر ۲۳ء میں تعلقات میں تلخی کی بنا پر گفتگو پھر رُک گئی ۔ ۲۰۲۵ء میں دونوں ممالک نےمعاہدہ کیلئے مذاکرات بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں پیش رفت گزشتہ سال جون میں کنیڈا کے شہر کناناسکس میں منعقدہ جی سیون سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مارک کارنی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ہوئی تھی۔