Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی عدالت کا ’’ کینیڈی سینٹر‘‘ سے ٹرمپ کا نام ہٹانے کا حکم

Updated: May 30, 2026, 7:03 PM IST | Washington

امریکی عدالت نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا نام’’ کینیڈی سنٹر فار پرفارمنگ آرٹس‘‘ سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے فیصلہ دیا کہ قانون واضح کرتا ہے کہ اس کا نام صدر کینیڈی کے نام پر ہی رہنا چاہیے، اور صرف امریکی کانگریس ہی اسے تبدیل کر سکتی ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

واشنگٹن کے وفاقی جج کرسٹوفر کوپر نے جمعہ کو ٹرمپ انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ۱۴؍ دنوں کے اندر ٹرمپ کے نام کے تمام فزیکل بورڈز ہٹا دیں اور سرکاری دستاویز سے ٹرمپ کینیڈی سنٹر کے حوالے ختم کر دیں۔جج نے کہا کہ ’’کینیڈی سنٹر کا نام کانگریس نے دیا تھا، اور صرف کانگریس ہی اسے تبدیل کر سکتی ہے۔‘‘واضح رہے کہ یہ فیصلہ ڈیموکریٹک نمائندہ جوائس بیٹی کی طرف سے دائر مقدمے پر آیا۔ جبکہ وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر اس فیصلے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔صدر ٹرمپ نے دوسرے دور اقتدار کے آغازکے  چند روز بعد ہی موجودہ بورڈ آف ٹرسٹیز کو ختم کرنے اور اس کے چیئرمین کو ہٹانے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔۱۸؍ دسمبر۲۰۲۵ء کو کینیڈی سنٹر کے بورڈ نے ادارے کا نام تبدیل کرکے `’’ٹرمپ کینیڈی سنٹر‘‘رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، اور اگلے ہی دن ٹرمپ کا نام عمارت کے اگلے حصے پر چسپاں کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور نئے سرے سے جوہری مذاکرات شروع کرنے پر عارضی معاہدہ

یاد رہے کہ کینیڈی سنٹر امریکہ کا قومی ثقافتی مرکز ہے، جسے کانگریس نے صدر جان ایف کینیڈی کی یاد میں قائم کیا تھا، جو آرٹس کو جمہوریت کے لیے ضروری سمجھتے تھے۔ یہ مرکز ہر سال تھیٹر، ڈانس، اوپیرا اور موسیقی کی۲۰۰۰؍ سے زائدتقاریب کی میزبانی کرتا ہے اور نیشنل سمفنی آرکسٹرا اور واشنگٹن نیشنل اوپیرا کا گھر ہے۔بعد ازاں ۱۹۷۸ء سے ہر سال یہاں’’کینیڈی سینٹر آنرز‘‘ کی تقریب میں فنونِ لطیفہ میں زندگی بھر کی کامیابیوں کو تسلیم کیا جاتا ہے، جسے ’’آسکر آف دی آرٹس ‘‘بھی کہا جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK