Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی ٹیرف کا اثر: امریکی کسٹمز ڈیوٹی کی ریکارڈ وصولی، کسٹمز آمدنی ۵ء۱۶؍ ارب ڈالر تک پہنچ گئی

Updated: May 24, 2025, 10:32 PM IST | Inquilab News Network | Washington

اس اضافے کے باوجود، اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ، ٹیرف سے روزانہ ۲ ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کرنے کے اپنے ہدف کو حاصل کرنے سے کافی دور ہیں، جو اس ہفتے ایوان میں منظور کئے گئے ریکارڈ ٹیکس کٹوتیوں کو پورا کرنے کیلئے مقرر کیا گیا تھا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

امریکہ کے محکمہ خزانہ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، اپریل میں درآمد کئے گئے سامان پر ٹیرف اور کسٹمز ڈیوٹی کے طور پر ۵ء۱۶ ارب ڈالر کی ریکارڈ وصولی کی گئی۔ آمدنی میں یہ تیزی، صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی اپریل میں متعارف کرائی گئیں تازہ ترین ٹیرف پالیسیوں کا نتیجہ ہے جو پہلی بار پوری طرح نافذ ہوئیں۔  

امریکی درآمد کنندگان کی تقریباً دو تہائی تعداد ایک ہی ماہانہ ادائیگی کے ذریعے پوری کسٹمز ڈیوٹی ادا کرتی ہے جو سامان کے امریکی بندرگاہوں پر پہنچنے کے اگلے مہینے واجب الادا ہوتی ہے۔ ماہ اپریل کی کسٹمز ڈیوٹی جمع کرنے کی آخری تاریخ ۲۱ مئی تھی۔

کسٹمز ڈیوٹی سے ہونے والی آمدنی میں اس ریکارڈ اضافے کے باوجود، اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ، ٹیرف سے روزانہ ۲ ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کرنے کے اپنے ہدف کو حاصل کرنے سے کافی دور ہیں، جو اس ہفتے ایوان میں منظور کئے گئے ریکارڈ ٹیکس کٹوتیوں کو پورا کرنے کیلئے مقرر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی بانڈ ییلڈ میں تیزی سے گھریلو بازار لڑھک گیا، عالمی بازاروں میں بھی دباؤ

ٹیرف کے تئیں غیر یقینی کی صورتحال

ٹیرف کے تئیں ٹرمپ کے منصوبے ابھی تک غیر یقینی ہیں۔ جمعہ کو انہوں نے یورپی یونین سے آنے والے سامان پر ۵۰ فیصد اور ایپل اور سیمسنگ جیسی بڑی موبائل ساز کمپنیوں پر ۲۵ فیصد ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی دی، یہاں تک کہ یہ کمپنیاں اپنی پیداوار امریکہ منتقل نہیں کرلیں۔ انہوں نے دنیا کے بیشتر ممالک کے خلاف جوابی ٹیرف کی تجویز بھی پیش کی، لیکن امریکی ٹریژری بانڈز میں تیزی سے گراوٹ کے درمیان ۹۰ دنوں کیلئے وصولیوں کو روک دیا۔  

فی الحال، نئے ٹیرف میں زیادہ تر درآمدات پر ۱۰ فیصد بنیادی ڈیوٹی، اسٹیل اور ایلومینیم پر ۲۵ فیصد اور آٹوموبائلز پر ۲۵ فیصد ٹیرف شامل ہے۔ امریکہ کے حریف چین کی مصنوعات پر ٹیرف میں تیزی سے اتار چڑھاؤ آیا ہے۔ ٹرمپ رواں سال جنوری میں اقتدار میں آئے تو یہ ۲۰ فیصد تھا جو اپریل میں ۱۴۵ فیصد تک پہنچ گیا اور اب ۵۱ فیصد پر ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان امریکہ کے مابین جولائی تک ’صفر ٹیریف معاہدہ‘ طے پانے کاامکان

محکمہ خزانہ کی رپورٹ، جس میں ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ذریعے جمع کرائے گئے کچھ ایکسائز ٹیکسز بھی شامل ہیں، سے پتہ چلتا ہے کہ اپریل کی ادائیگیوں کے بعد، حکومت اس مہینے کسٹمز ڈیوٹی اور متعلقہ ٹیکسز کے طور پر کم از کم ۳ء۲۲ ارب ڈالر جمع کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔ بلومبرگ کے تجزیہ کے مطابق، یہ مطلق ڈالر کے لحاظ سے ایک نیا ماہانہ ریکارڈ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK