Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی سفارت خانے نے ہندوستانی خاتون کی چوری کرنے کی وائرل ویڈیو کے بعد ویزا وارننگ جاری کی

Updated: July 17, 2025, 10:10 PM IST | New Delhi

امریکی سفارت خانے کے مطابق، امریکہ میں حملہ، چوری یا ڈکیتی کا ارتکاب، آپ کے ویزا کی منسوخی کا باعث بن سکتا ہے اور آپ کو مستقبل میں امریکی ویزا کیلئے نااہل قرار دیا سکتا ہے۔

A Still from the Viral Video. Photo: INN
وائرل ویڈیو کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

ایک ہندوستانی خاتون کے امریکہ میں ایک گروسری اسٹور سے تقریباً ۱۳۰۰ ڈالر کی مالیت کی اشیاء کی چوری کے الزام میں پکڑے جانے کے بعد، ہندوستان میں امریکی سفارت خانے نے امریکی ویزا رکھنے والے افراد کیلئے سخت وارننگ جاری کی ہے۔ نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکہ میں حملہ، چوری یا ڈکیتی کا ارتکاب آپ کیلئے صرف قانونی مسائل کا باعث نہیں بنے گا۔ سفارت خانے نے واضح کیا کہ امریکہ میں جرم کرنے سے آپ کی قانونی حیثیت کس طرح متاثر ہوگی۔ سفارت خانے کے مطابق، امریکہ میں جرم میں ملوث ہونا، آپ کے ویزا کی منسوخی کا باعث بن سکتا ہے اور آپ کو مستقبل میں امریکی ویزا کیلئے نااہل بنا سکتا ہے۔ امریکہ، قانون اور نظم و نسق کو ترجیح دیتا ہے اور غیر ملکی سیاحوں سے تمام امریکی قوانین کی پاسداری کی توقع کرتا ہے۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے یہ وارننگ، ایک ہندوستانی خاتون کو حراست میں لئے جانے والی ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ یوٹیوب چینل ”باڈی کیم ایڈیشن“ کے ذریعے شیئر کی گئی اس ویڈیو کلپ میں، ملزمہ کو اسٹور سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تاہم، اس کی سات گھنٹے طویل خریداری کی کوشش بالآخر اس وقت ختم ہو جاتی ہے جب اسے سیکوریٹی گیٹ پر روکا جاتا ہے جہاں اس کی چیکنگ کے بعد اسے حراست میں لے لیا جاتا ہے۔ خاتون اپنی بے گناہی کے دعوے کرتی ہیں لیکن حکام سی سی ٹی وی فوٹیج کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں مسترد کردیتے ہیں۔ خاتون یہ بھی دعویٰ کرتی ہے کہ وہ تمام سامان کی مجموعی رقم کی ادائیگی کرسکتی ہے لیکن حکام کہتے ہیں کہ اب اس کیلئے بہت دیر ہوچکی ہے کیونکہ وہ پہلے ہی ”جرم کا ارتکاب“ کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہمیں ہندوستان تک تجارتی رسائی حاصل ہو گئی: ڈونالڈ ٹرمپ

ویڈیو میں اسے حراست میں لینے والا افسر ہندوستانی خاتون سے اپنا پاسپورٹ یا درست شناختی کارڈ بھی طلب کرتا ہے۔ خاتون شناختی کارڈ نہ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اور اپنا نام ”آنیہ“ بتاتی ہے، تاہم، اس کا شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد جیمیشا کے طور پر اس کی شناخت کی جاتی ہے۔ اپنی معافیوں پر زور دیتے ہوئے خاتون مزید کہتی ہے کہ وہ اس ملک سے نہیں ہے اور نہ ہی وہ یہاں رہے گی، جس پر ایک خاتون افسر جواب دیتی ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو ہندوستان میں چیزیں چوری کرنے کی اجازت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK