’گن وائلنس آرکائیو‘ نے ۱۶ دسمبر تک امریکہ بھر میں ۳۹۳ واقعات رپورٹ کئے۔ ایسے واقعات کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے ۲۰ فیصد کمی آئی ہے۔
EPAPER
Updated: December 19, 2025, 3:00 PM IST | Washington
’گن وائلنس آرکائیو‘ نے ۱۶ دسمبر تک امریکہ بھر میں ۳۹۳ واقعات رپورٹ کئے۔ ایسے واقعات کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے ۲۰ فیصد کمی آئی ہے۔
امریکہ میں حال ہی میں پیش آنے والے بڑے پیمانے پر فائرنگ (Mass Shootings) کے چند واقعات نے ایک بار پھر گن وائلنس (مسلح تشدد) کی طرف قومی توجہ مبذول کرائی ہے لیکن اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ رواں سال ۲۰۲۵ء کے دوران ایسے واقعات گزشتہ ۷ برسوں میں اپنی کم ترین سطح پر ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس، یو ایس اے ٹوڈے اور نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے جمع کردہ ڈیٹا کے مطابق، رواں سال اب تک بڑے پیمانے پر قتل (Mass Killings) کے ۱۷ واقعات پیش آئے ہیں۔ یہ ۲۰۰۶ء کے بعد ریکارڈ کی گئی سب سے کم تعداد ہے۔ واضح رہے کہ ’ماس کِلنگ‘ کی تعریف ایک ایسے واقعے کے طور پر کی جاتی ہے جس میں حملہ آور کے علاوہ چار یا اس سے زیادہ افراد ۲۴ گھنٹوں کے اندر ہلاک ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی سینیٹ نے ارب پتی جیرڈ آئزک مین کو ناسا کا نیا سربراہ مقرر کیا
ریاستوں کے لحاظ سے ٹیکساس اور کیلیفورنیا میں فائرنگ کے سب سے زیادہ واقعات ریکارڈ کئے گئے۔ ان ریاستوں میں بالترتیب ۳۵ اور ۲۹ واقعات پیش آئے۔ مجموعی طور پر، رواں سال ۳۰ ایسے واقعات پیش آئے جن میں ہلاکتوں کی تعداد زیادہ تھی، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ وسیع تر رجحان اب بھی ایسے واقعات میں نمایاں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔
مینیسوٹا کی میٹروپولیٹن اسٹیٹ یونیورسٹی کے پروفیسر جیمز ڈینزلی نے اس بہتری کو حتمی سمجھنے کے خلاف خبردار کیا۔ انہوں نے پی بی ایس کو بتایا کہ ”تاریخی تناظر میں ۲۰۲۵ء کا ریکارڈ بہت بہتر نظر آتا ہے، لیکن ہم یہ ظاہر نہیں کر سکتے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ماس شوٹنگ کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو گیا ہے۔“
یہ بھی پڑھئے: بونڈی بیچ فائرنگ: آسٹریلیا میں نفرت انگیز تقاریر کے خلاف سخت قوانین کا اعلان
’گن وائلنس آرکائیو‘ کی تصدیق
’گن وائلنس آرکائیو‘ نے ۱۶ دسمبر تک ملک بھر میں ۳۹۳ واقعات رپورٹ کئے۔ یہ ادارہ فائرنگ کے ایسے واقعے کو ’ماس شوٹنگ‘ قرار دیتا ہے جس میں چار یا اس سے زیادہ افراد زخمی یا ہلاک ہوئے ہو۔ ایسے واقعات کی تعداد میں گزشتہ سال کے اسی دورانیہ کے مقابلے ۲۰ فیصد کمی اور ۲۰۲۱ء میں ہونے والے ۶۶۹ واقعات کی بلند ترین سطح سے ۴۱ فیصد کی بڑی گراوٹ دیکھنے ملی ہے۔ رواں سال اب تک ان واقعات میں مجموعی طور پر ۳۴۸ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جو ۲۰۱۸ء کے بعد یعنی گزشتہ ۷ برسوں میں اب تک کی سب سے کم تعداد ہے۔ ان واقعات میں زخمیوں کی تعداد ۱۷۸۶ ہے جو ۲۰۱۹ء کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع کی مذمت
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کمی ممکنہ طور پر حالیہ برسوں میں جرائم کی غیر معمولی بلند شرح کے بعد اوسط سطح پر واپسی کی عکاسی کرتی ہے، لیکن اس سے بڑے پیمانے پر مسلح تشدد کے مسئلے کا کوئی مستقل حل نظر نہیں آتا۔