• Tue, 09 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ بیوقوف نہیں ہے: ٹرمپ جونیئر نے خبردار کیا کہ صدر یوکرین کی حمایت سے دستبردار ہوسکتے ہیں

Updated: December 08, 2025, 8:00 PM IST | Doha

ٹرمپ جونیئر نے دعویٰ کیا کہ صدر وولودیمیر زیلنسکی اپنی سیاسی بقاء کیلئے تنازع کو طول دے رہے ہیں۔ اگر جنگ اب ختم ہو گئی تو زیلنسکی کیلئے انتخابات جیتنا مشکل ہو جائے گا۔

Trump and Trump Jr. Photo: X
ٹرمپ اور ٹرمپ جونیئر۔ تصویر: ایکس

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ یوکرین کی جنگی کوششوں کی حمایت سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔ ٹرمپ کے سب سے بڑے بیٹے ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر نے اتوار کو دوحہ فورم میں اس بات کا اشارہ دیا۔ ٹرمپ جونیئر کے تبصرے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب امریکی انتظامیہ ایک ممکنہ تصفیے کے حصے کے طور پر کیف پر روس کو چند علاقے دینے کیلئے دباؤ بڑھا رہی ہے۔

ٹرمپ جونیئر نے دعویٰ کیا کہ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اپنی سیاسی بقاء کیلئے تنازع کو طول دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر جنگ اب ختم ہو گئی تو زیلنسکی کیلئے انتخابات جیتنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ یوکرین ”روس سے کہیں زیادہ بدعنوان ہے۔“ واضح رہے کہ ایسی ہی باتیں امریکی دائیں بازو کے حلقوں میں گردش کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کی سرحدی پالیسی شام کو خطرے میں ڈال رہی ہے:احمد الشرع

ٹرمپ جونیئر نے دلیل پیش کی کہ یوکرین کے امیر افراد پہلے ہی بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں اور ”جنہیں وہ کسان طبقہ سمجھتے تھے“ انہیں روس سے لڑنے کیلئے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس موسم گرما میں موناکو میں بڑی تعداد میں یوکرینی نمبر پلیٹوں والی لگژری کاریں دیکھی تھیں۔ ان کے مطابق، یہ اس بات کا مبینہ ثبوت ہے کہ یوکرین سے ”امیر لوگ فرار ہو گئے ہیں“ جبکہ عام یوکرینیوں کو روس کے خلاف لڑنے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔

امریکہ اب ’بیوقوف‘ نہیں ہے

جب ٹرمپ جونیئر سے پوچھا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ امن قائم کرنے کے اپنے پہلے کے وعدوں کے باوجود اس تنازع سے دستبردار ہو سکتے ہیں، تو ٹرمپ جونیئر نے کہا کہ ”ایسا ہو سکتا ہے۔“ انہوں نے اپنے والد کو سیاست میں سب سے زیادہ غیر متوقع شخصیات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اب ”چیک بک والے بیوقوف“ کے طور پر کام نہیں کرے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: مغربی افریقی ملکبینن میں فوجی بغاوت کی کوشش ناکام، حالات کنٹرول میں

واضح رہے کہ ٹرمپ جونیئر کا امریکی انتظامیہ میں کوئی کردار نہیں ہے لیکن انہیں صدر ٹرمپ اور میک امریکہ گریٹ اگین کے نظریاتی حلقوں میں ایک بااثر شخصیت تسلیم کیا جاتا ہے۔ ان کے تبصرے انتظامیہ کے کچھ حصوں میں سخت موقف کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

ٹرمپ جونیئر نے یورپی لیڈران پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کلاس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یونین کی روس پر پابندیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جو بالآخر ماسکو کیلئے مددگار ثابت ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK