Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: کولمبیا کی لائبریری پر غیر قانونی قبضہ، توڑ پھوڑ کرنے والے طلبہ کے ویزا کا جائزہ لیا جائے گا

Updated: May 09, 2025, 9:02 PM IST | Inquilab News Network | New York

مارکو روبیو نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ کولمبیا یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری پر قبضہ کرنے والے فلسطین نواز مظاہرین کے ویزا اسٹیٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔ اب ہمارے عظیم ملک میں حماس نواز غنڈوں کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔

Butler Library in Columbia University Campus. Photo: INN
کولمبیا یونیورسٹی کیمپس میں واقع بٹلر لائبریری۔ تصویر: آئی این این

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ، نیویارک کے میں ہٹن میں واقع کولمبیا یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری پر قبضہ کرنے والے فلسطین نواز مظاہرین کے ویزا اسٹیٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔ روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا، "ہم کولمبیا یونیورسٹی کی لائبریری پر قبضہ کرنے والے، وہاں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں اور توڑ پھوڑ کرنے والے طلبہ کے ویزا اسٹیٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اب ہمارے عظیم ملک میں حماس نواز غنڈوں کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔" روبیو کا بیان اس وقت سامنے آیا جب حال ہی میں درجنوں فلسطین نواز مظاہرین کو کولمبیا کیمپس کی بٹلر لائبریری پر قبضہ کرنے کی کوشش کے بعد گرفتار کیا گیا۔  

کولمبیا یونیورسٹی کی صدر کلیئر شپمین نے کہا کہ ملوث افراد نے "خود کی شناخت ظاہر کرنے اور عمارت چھوڑنے سے انکار کیا۔" شپمین نے مزید بتایا کہ انہوں نے بٹلر لائبریری کے اندر اور باہر خلل ڈالنے والوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے نیویارک شہر پولیس ڈپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) کو طلب کیا کیونکہ لائبریری کی عمارت میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک بڑے گروہ کی وجہ سے حفاظتی خطرہ پیدا ہوا اور ہمارا خیال ہے کہ اس گروہ میں بڑی تعداد میں ایسے لوگ شامل تھے جو یونیورسٹی سے وابستہ نہیں ہیں۔"

یہ بھی پڑھئے: دستاویزی فلم نے فلسطینی امریکی صحافی شیرین ابو عاقلہ کے قاتل اسرائیلی فوجی کی شناخت ظاہر کی

نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ نیویارک شہر "ہمیشہ پرامن احتجاج کے حق کا دفاع کرے گا لیکن ہم کبھی بھی غیر قانونی رویے کو برداشت نہیں کریں گے۔" انہوں نے ایک بیان میں کہا، "کولمبیا کے کیمپس میں احتجاج کرنے والے افراد جو یونیورسٹی سے تعلق نہیں رکھتے، فوری طور پر کیمپس سے نکل جائیں ورنہ انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ ہم اپنے شہر میں کسی بھی شکل میں نفرت یا تشدد کو برداشت نہیں کریں گے۔"

تازہ اطلاعات کے مطابق، اس معاملہ میں این وائی پی ڈی نے بدھ کی رات تقریباً ۸۰ افراد کو کیمپس سے حراست میں لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں سے کتنے بین الاقوامی طلبہ ہیں، اس کے متعلق پولیس نے معلومات فراہم نہیں کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK