Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے سی ڈی سی کی ویکسین کمیٹی کے تمام ارکان کو برطرف کردیا

Updated: June 10, 2025, 6:03 PM IST | New York

محکمہ صحت و انسانی خدمات (HHS) کے سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (CDC) کی مشاورتی کمیٹی برائے ٹیکہ کاری (ACIP) کے تمام۱۷؍ اراکین کو برطرف کر رہے ہیں۔

Health Secretary Robert F. Kennedy Junior. Photo: INN.
محکمہ صحت کے سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر۔ تصویر: آئی این این۔

ریاستہائے متحدہ کے محکمہ صحت و انسانی خدمات (HHS) کے سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (CDC) کی مشاورتی کمیٹی برائے ٹیکہ کاری (ACIP) کے تمام۱۷؍ اراکین کو برطرف کر رہے ہیں۔ کینیڈی نے پیر کووال اسٹریٹ جرنل میں ایک اداریے میں یہ اعلان کرتے ہوئے لکھا:"ویکسینز امریکی سیاست میں ایک متنازع مسئلہ بن چکی ہیں، لیکن ایک بات پر تمام فریق متفق ہیں۔ امریکہ میں عوامی اعتماد کا بحران ہے۔ "انہوں نے کہا: "چاہے بات صحت کے اداروں کی ہو، دوا ساز کمپنیوں کی یا خود ویکسینز کی عوامی اعتماد میں کمی آرہی ہے۔ "کینیڈی نے دعویٰ کیا کہ "یہ کمیٹی مستقل مفادات کے ٹکراؤ کا شکار رہی ہے اور اب محض ہر ویکسین کی منظوری کیلئے ربڑ اسٹیمپ بن چکی ہے۔ "
واضح رہے کہ مشاورتی کمیٹی برائے ٹیکہ کاری طبی اور صحت عامہ کے ماہرین پر مشتمل ہوتی ہے جو سی ڈی سی کو یہ سفارشات دیتی ہے کہ کن ویکسینز کی ضرورت ہے، کس کو لگنی چاہئیں اور بچوں کیلئے ویکسینز کا شیڈول کیا ہونا چاہئے۔ یہ کمیٹی سی ڈی سی کے ڈائریکٹر کو رپورٹ کرتی ہے جو پھر ان سفارشات کا جائزہ لے کر فیصلہ کرتا ہے کہ انہیں اپنایا جائے یا نہیں۔ ’’اے سی آئی پی‘‘کے اراکین کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ممکنہ مفادات کے ٹکراؤ کا انکشاف کریں اور اگر کسی مخصوص ویکسین سے متعلق ان کے مفادات کا ٹکراؤ ہو تو وہ ووٹنگ سے دور رہیں۔ تاہم، سی ڈی سی نے مارچ میں ایک ڈیٹابیس جاری کی تھی جس میں عوامی طور پر دستیاب معلومات کے مطابق کچھ اراکین نے ماضی میں ایسی کلینیکل تحقیق یا ویکسین پر کام کیا تھا جس کی فنڈنگ دوا ساز کمپنیوں نے کی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: گراتز، آسٹریا: اسکول میں فائرنگ، متعدد ہلاک اور زخمی، مشتبہ طالب علم کی خودکشی

رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر، جو ویکسین مخالف تحریک کے پرانے حمایتی سمجھے جاتے ہیں اور کئی بار ویکسین کے نقصانات سے متعلق بے بنیاد دعوے کر چکے ہیں، اب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ایچ ایچ ایس کے سربراہ کے طور پر تقرری کے بعد، ویکسین تک رسائی کو محدود کرنے کے کئی اقدامات کر چکے ہیں جن میں کم آمدنی والے بچوں کیلئےویکسین تقسیم کے فنڈز میں کمی شامل ہے، جیسا کہ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے۔ 
عوامی اعتماد کی بحالی
سی ڈی سی کی اعلیٰ سطحی ماہر کمیٹی کو تحلیل کرنا، کینیڈی کا اب تک کا سب سے جارحانہ قدم سمجھا جا رہا ہے۔ ایچ ایچ ایس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا:"آج ہم کسی مخصوص ویکسین کے حق یا مخالفت سے بالاتر ہوکر عوامی اعتماد کی بحالی کو ترجیح دے رہے ہیں۔ عوام کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہماری صحت کی ایجنسیوں کی سفارشات غیرجانبدارانہ سائنسی تحقیق پر مبنی ہوتی ہیں، جو شفافیت کے تحت اور مفادات کے ٹکراؤ سے پاک طریقے سے کی جاتی ہیں۔ "یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ تمام۱۷؍ اے سی آئی پی اراکین صدر جو بائیڈن کے دور میں مقرر کئے گئے تھے۔ ایچ ایچ ایس کے حکام کے مطابق ان۱۷؍ اراکین کی جگہ نئے اراکین لائے جا رہے ہیں جن کا انتخاب جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران کا اسرائیل کی حساس جوہری دستاویزات حاصل کرنے کا دعویٰ

کینیڈی نے کہا:"عوامی اعتماد کی بحالی کیلئے مکمل تبدیلی ضروری ہے۔ اے سی آئی پی کے نئے اراکین عوامی صحت اور سائنسی شواہد پر مبنی طب کو ترجیح دیں گے۔ "انہوں نے مزید کہا: "عوامی اعتماد مجروح ہو چکا ہے۔ صرف شفافیت اور اعلیٰ درجے کی سائنسی تحقیق کے ذریعے ہم اسے دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔ "اے سی آئی پی کی اگلی میٹنگ ۲۵؍جون سے۲۷؍ جون تک سی ڈی سی کے ہیڈکوارٹر، اٹلانٹا میں ہونے والی ہےجس میں انٹراکس، کووڈ-۱۹؍، ایچ پی وی، فلو، لائم بیماری، ریسپریٹری سنسیشیئل وائرس اور دیگر ویکسینز کے بارے میں گفتگو متوقع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK