Updated: August 19, 2026, 5:30 PM IST
| California
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کیلیفورنیا کے ساحل پر خطرناک لہروں میں ۱۰؍ سالہ بھارتی نژاد بچے نیتھنیئل رائے کی جان بچانے والے ۱۶؍ سالہ لائف گارڈ رائڈر ولیمز کو وائٹ ہاؤس میں اعزاز سے نوازا، ٹرمپ نے ولیمز کو ’’ایک حقیقی ہیرو‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی بہادری کی تعریف کی، اس موقع پر نیتھنیئل اور اس کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
ڈونالڈ ٹرمپ ولیمز کے ساتھ۔ تصویر: ایکس
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے روز وہائٹ ہاؤس میں ۱۶؍ سالہ لائف گارڈ رائڈر ولیمز اور ۱۰؍ سالہ ہند نژاد لڑکے نیتھنیئل رائے کو اعزاز سے نوازا۔ چند ہفتے قبل ولیمز نے کیلیفورنیا کے ایک ساحل پر تیز اور خطرناک لہروں میں پھنسے نیتھنیئل کی جان بچائی تھی۔ ولیمز اپنے والدین، شین اور شینن، اور ساتھی لائف گارڈ ایرون بونن کے ساتھ اوول آفس پہنچے، جنہوں نے امدادی کارروائی میں مدد کی تھی۔ نیتھنیئل اپنے والد سمیت اور بہن لیلا کے ساتھ ملاقات میں شریک ہوا۔ ولیمز نے ۲۵؍ جولائی کو سانتا کروز، کیلیفورنیا کے سی برائٹ بیچ پر نیتھنیئل کو بچایا تھا۔ اس وقت ولیمز نے دیکھا کہ نیتھنیئل، جو ٹخنوں تک پانی میں تھا، اچانک اپنا توازن کھو بیٹھا۔ ریسکیو کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں نوجوان لائف گارڈ کو طاقتور لہروں کا مقابلہ کرتے ہوئے نیتھنیئل کو ساحل تک لاتے دیکھا گیا۔ ٹرمپ نے بھی یہ ویڈیو دیکھی تھی۔

پہلی تصویر میں نیتھنیئل جبکہ دوسری تصویر میں ولیمز کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: ایکس
ٹرمپ نے ولیمز کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’ایک حقیقی ہیرو‘‘ قرار دیا اور نیتھنیئل کو اس حادثے میں زندہ بچ جانے پر مبارک باد دی۔ ٹرمپ نے ولیمز سے کہا، ’’آپ نے جو کچھ کیا وہ ناقابلِ یقین تھا، اور سب نے اسے دیکھا۔ جب میں نے اسے پہلی بار دیکھا تو میں نے کہا، اسے دوبارہ چلاؤ، میں یہ دوبارہ دیکھنا چاہتا ہوں۔‘‘ ٹرمپ نے نیتھنیئل سے یہ بھی کہا، ’’خدا تمہیں دیکھ رہا تھا۔‘‘
ریسکیو کیسے ہوا؟
ولیمز نے بتایا کہ جب وہ لائف گارڈ ٹاور سے تقریباً ۲۰؍ گز کے فاصلے پر تھے تو انہوں نے نیتھنیئل کو کم گہرے پانی میں اپنا توازن کھوتے دیکھا۔ جب حالات خطرناک ہونے لگے تو ولیمز پانی میں اتر گئے تاکہ بچے تک پہنچ سکیں۔ رپورٹ کے مطابق نیتھنیئل بالآخر بے ہوش ہوگیا، جبکہ طاقتور لہریں بار بار دونوں سے ٹکرا رہی تھیں۔ ولیمز نے کہا کہ ریسکیو کے دوران ان کی تربیت نے انہیں پرسکون اور اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دی۔ انہوں نے کہا، ’’ایسے خطرناک لمحات میں ہم ہمیشہ اپنی تربیت پر بھروسا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمیں بہت اچھی تربیت دی جاتی ہے تاکہ ہم ایسے حالات سے بہترین طریقے سے نمٹ سکیں۔ اس لئے میں یہی سوچ رہا تھا کہ بچے کو جتنی جلدی ممکن ہو پانی سے باہر کیسے نکالوں۔‘‘ بعد میں ایرون بونن نے بھی ولیمز کی مدد کی اور دونوں نے مل کر نیتھنیئل کو بحفاظت ساحل پر پہنچایا۔ نیتھنیئل کے والد، سمیت رائے، نے لائف گارڈز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ان کے بیٹے کی جان بچائی۔
ٹرمپ کا ریسکیو پر مذاق
ٹرمپ نے ولیمز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوان کے اقدام سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’وہ ایک حقیقی ہیرو ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں ایسا کر پاتا یا نہیں۔ شاید نہیں۔ خوش قسمت ہو کہ اس دن میں وہاں ڈیوٹی پر نہیں تھا۔‘‘ نیتھنیئل سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے بھی کہا، ’’تم بہت خوش قسمت ہو کہ اس دن میں ڈیوٹی پر نہیں تھا۔‘‘ اور بظاہر مذاق کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ وہاں لائف گارڈ ہوتے تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔ ٹرمپ نے نیتھنیئل کے مشکل وقت میں پرسکون رہنے کی بھی تعریف کی اور کہا، ’’تمہارے والد دنیا کے سب سے خوش انسان ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے آئی سی سی کی صدر اور سنیئر وکیل پر پابندیاں عائد کیں، شدید ردعمل
ولیمز وہائٹ ہاؤس کی ملاقات میں کیلیفورنیا اسٹیٹ پارکس کی لائف گارڈ یونیفارم پہن کر آئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مستقبل میں پیرا میڈک اور پھر فائر فائٹر بننا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے نوجوان سے کہا کہ اسے ’’کچھ اچھی سفارشات‘‘ مل سکتی ہیں۔ صدر نے اس گروپ کو لنکن بیڈروم دیکھنے کی دعوت بھی دی، جسے ابراہم لنکن دفتر اور کابینہ کے اجلاسوں کے کمرے کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ ٹرمپ نے اس سے پہلے بھی ریسکیو کی ویڈیو اپنے ایکس اکاؤنٹ ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر شیئر کی تھی اور کہا تھا کہ ولیمز اور ان کے خاندان کو وہائٹ ہاؤس مدعو کیا جائے گا۔