امریکی ریاست کیلیفورنیا نے اسلام کے دو بڑے تہواروں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کو سرکاری طور پر ریاستی تعطیلات کے طور پر تسلیم کر لیا ہے،یہ تاریخی قانون گورنر گیون نیوزم کے دستخط کے بعد نافذ العمل ہو گیا ہے۔
EPAPER
Updated: September 30, 2026, 10:32 AM IST | California
امریکی ریاست کیلیفورنیا نے اسلام کے دو بڑے تہواروں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کو سرکاری طور پر ریاستی تعطیلات کے طور پر تسلیم کر لیا ہے،یہ تاریخی قانون گورنر گیون نیوزم کے دستخط کے بعد نافذ العمل ہو گیا ہے۔
اتوار کے روز دستخط کیے گئے اسمبلی بل۲۰۱۷ء کے تحت دونوں اسلامی تہواروں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کو کیلیفورنیا کے سرکاری تعطیلاتی کیلنڈر میں شامل کر دیا گیا ہے۔ نئے قانون کے تحت پبلک اسکول اور کمیونٹی کالج موجودہ مقامی طریقہ کار کے ذریعے ان دو دنوں میں بند رہ سکیں گے۔ اسی طرح اہل ریاستی ملازمین کو ان تعطیلات پر ہالیڈے کریڈٹ حاصل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔واضح رہے کہ عید الفطر اسلامی مہینے رمضان المبارک کے اختتام پر منائی جاتی ہے، جب مسلمان ایک ماہ کے روزے مکمل کرتے ہیں، جبکہ عید الاضحیٰ سالانہ فریضہ حج کے دوران منائی جاتی ہے جو قربانی اور ایثار کی علامت ہے۔ دونوں تہوار دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔بعد ازاں قانون میں کہا گیا ہے کہ ’’عید الفطر اور عید الاضحیٰ کو ریاستی تعطیلات کے طور پر نامزد کرنا ایک سول کیلنڈر کا فیصلہ ہے جو کیلیفورنیا کی کمیونٹیز کے لیے ان کی ثقافتی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: انتہا پسند اسرائیلی وزیربین گویرکا سیکڑوں یہودیوں کے ہمراہ مسجد ابراہیمی پردھاوا
ذہن نشین رہے کہ کیلیفورنیا امریکہ کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے جہاں لاکھوں مسلم باشندے آباد ہیں۔ مسلم سماج طویل عرصے سے عیدین کو سرکاری سطح پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کر رہاتھا۔ اس قانون کا مسلم امریکی تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپوں نے خیر مقدم کیا ہے اور اسے مذہبی ہم آہنگی اور تنوع کے احترام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔علاوہ ازیں مبصرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف مسلم طلبہ اور ملازمین کو اپنی مذہبی تقریبات آزادی اور سہولت کے ساتھ منانے کا موقع ملے گا بلکہ یہ امریکہ میں بین المذاہب احترام اور شمولیتی کلچر کو بھی فروغ دے گا۔ توقع ہے کہ کیلیفورنیا کے اس اقدام کے بعد دیگر ریاستیں بھی اسی طرح کے اقدامات پر غور کریں گی۔