Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی کابینہ نے ۲؍ نئے ایکسپریس ویز کو منظوری دی

Updated: July 22, 2026, 11:13 AM IST | Lucknow

الہ آباد سے سون بھدر تک۳۳۰؍کلومیٹر اور ۱۱۷؍ کلومیٹر طویل وندھیا-پوروانچل لنک ایکسپریس وے کی تعمیر کا راستہ صاف۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں منگل کو منعقدہ اتر پردیش کابینہ کے اجلاس میں مجموعی طور پر۱۸؍ تجاویز کو منظوری دی گئی۔ کابینہ نے الہ آباد سے سون بھدر تک۳۳۰؍کلومیٹر طویل ایکسپریس وے اور پوروانچل ایکسپریس وے سے جڑنے  والے۱۱۷؍ کلومیٹر طویل وندھیا-پوروانچل لنک ایکسپریس وے کی تعمیر کو منظور کرلیا۔اس کے علاوہ آگرا-لکھنؤ ایکسپریس وے کو پوروانچل ایکسپریس وے سے جوڑنے والے لنک ایکسپریس وے کی تجویز پر بھی مہر لگا دی گئی، جبکہ ای پی سی (انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اینڈ کنسٹرکشن)  طریقہ کار کے تحت تعمیراتی ادارے کے انتخاب کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: ریستوراں زبردستی سروس چارج وصول نہیں کر سکتے، ۴۱؍ کے خلاف کارروائی

۳۳۰؍کلومیٹر طویل وندھیا ایکسپریس وے کی تعمیر پر تقریباً ۲۴؍ ہزار  کروڑ روپے لاگت آنے کا اندازہ ہے اور اس سے ریاست کے وندھیا اور مشرقی علاقوں کی سڑک رابطہ کاری میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔  مجوزہ وندھیا ایکسپریس وے چنار (ضلع مرزاپور) سے شروع ہو کر وارانسی، چندولی اور سون بھدر سے گزرتا ہوا اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کی سرحد تک پہنچے گا۔ اس منصوبے کا مقصد ریاست کے پسماندہ علاقوں کو تیز رفتار شاہراہوں کے نیٹ ورک سے جوڑنا، صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور سیاحت و تجارت کو وسعت دینا ہے ۔ کابینہ نے ایکسپریس وے کے لیے زمین کے حصول، ابتدائی سروے، تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) اور تعمیراتی عمل کو آگے بڑھانے کی بھی منظوری دی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف سفر کا وقت کم ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور صنعتی و لاجسٹک سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔  

یوگی کابینہ میں ۱۸؍ تجاویز منظور کی گئیں

کابینہ کی میٹنگ میں صرف ایکسپریس وے ہی نہیں بلکہ مختلف محکموں سے متعلق مجموعی طور پر۱۸؍ تجاویز کو منظوری دی گئی، جن میں بنیادی ڈھانچے، شہری ترقی، تعلیم، زراعت اور انتظامی امور سے متعلق کئی فیصلے شامل ہیں۔ اس  میں شعبہ خواتین کی بہبود، سیکرٹریٹ انتظامیہ، داخلہ، اعلیٰ تعلیم، ٹرانسپورٹ، ریاستی ٹیکس، اسٹامپ و رجسٹریشن اور تعاون کے شعبوں سے جڑی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ ان فیصلوں کا مقصد ریاست میں ترقیاتی منصوبوں کو رفتار دینا اور عوام کو بہتر بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔  

یہ بھی پڑھئے: اتھنال کوباورچی خانہ تک پہنچانے کی تیاری، رِٹیل میں ملے گا

طالبات کیلئے اسکوٹی  اور ہاسٹل اسکیم بھی منظور

تعلیم سے متعلق فیصلوں میں کابینہ نے رانی لکشمی بائی اسکوٹی اسکیم کی منظوری دیجس کے تحت ریاست کے ہر کالج کی  ۵؍ ٹاپر طالبات کو اسکوٹی فراہم کی جائے گی۔ حکومت نے اس منصوبے کیلئے ۴۰۰؍ کروڑ روپے مختص  کئے ہیں۔اس سے تقریباً ۵۰؍ ہزار طالبات مستفید ہوں گی۔ اس کے علاوہ بنارس کی بسنت مہیلا وشوودیالیہ میں نئی طالبات کی رہائش گاہ (ویمنز ہاسٹل) کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔۲ء۴۸؍ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس ہاسٹل میں ۱۱۲؍ طالبات کی رہائش کی گنجائش ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK