قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو۱۰؍ اگست تک پہلی قسط کے ایک لاکھ۵۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے ہوں گے۔
EPAPER
Updated: July 22, 2026, 11:59 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Palton Road
قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو۱۰؍ اگست تک پہلی قسط کے ایک لاکھ۵۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے ہوں گے۔
حج ۲۰۲۷ء کے لئے درخواست دینے کی تاریخ میں ۲۴؍ جولائی تک توسیع کی گئی ہے یعنی محض ۴؍ دن بڑھائے گئے ہیں۔ اب خواہشمند عازمین ۲۴؍جولائی کی شب میں ۱۱؍ بجکر ۵۹؍ منٹ تک آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سے قبل آخری تاریخ ۲۰؍ جولائی تھی جبکہ ۲۲؍ جون سے درخواست دینے کا آغاز ہواتھا۔
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواست دینے کاسلسلہ جاری ہے، اب تک مجموعی کوٹےیعنی ایک لاکھ ۴۰؍ہزار سے زائد عازمین ملکی سطح پر رجسٹریشن کراچکے ہیں ، ۲۴؍جولائی تک اور بھی اضافہ ہوگا ۔
مہاراشٹر حج کمیٹی سے رابطہ قائم کرنے پرنمائندۂ انقلاب کو بتایا گیا کہ اب تک ۲۴؍ہزار درخواستیں ممبئی اور الگ الگ اضلاع سے دستیاب ہوچکی ہیں ،آخری تاریخ تک مزید درخواستیں آئیں گی۔ گزشتہ سال مہاراشٹر سے ۳۰؍ہزاردرخواستیں آئی تھیں، امسال بھی اس کے بقدر آنے کی امید ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی : بیسٹ کی طرز پر بجلی سپلائی میونسپل کارپوریشن کے سپرد کرنے کا مطالبہ
آن لائن قرعہ اندازی اورپیشگی رقم
درخواست دینے کی تاریخ میں توسیع کرنے کے ساتھ ہی حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوشہنواز سی کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مزید توسیع کی گنجائش نہیں ہوگی، ۴؍دن کا جو اضافہ کیا گیا ہے وہ بھی ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے کی گئی سفارش کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس لئے ریاستی حج کمیٹیاں ضابطوں کی خانہ پُری اورکور وغیرہ کو ۲۵؍ جولائی تک حتمی شکل دے دیں ۔ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہےکہ آن لائن قرعہ اندازی ۳۰؍ جولائی کی صبح ۱۱؍بجے کمیٹی روم میں کی جائے گی۔ قرعہ اندازی میں منتخب کئے جانے والے عازمین کو۱۰؍ اگست تک پہلی قسط کے ایک لاکھ۵۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے ہو ں گے۔قرعہ اندازی کی تفصیلات https://www.hajcommittee.gov.in پربھی نمایاں کی جائیں گی۔اس کے علاوہ منتخب ہونے والے اورویٹنگ لسٹ میںشامل کئےجانے والے عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی مطلع کیا جائے گا۔مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے تمام ریاستی اور یونین ٹیریٹری حج کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان تفصیلات کو زیادہ سے زیادہ عام کریں تاکہ عازمین استفادہ کرسکیں۔