Inquilab Logo Happiest Places to Work

ونچت بہوجن اگھاڑی نے متین پٹیل کا مکان گرانے پر مذمت کی

Updated: May 14, 2026, 11:39 AM IST | Agency | Mumbai

پارٹی ترجمان نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعےقانونی عمل کے بغیر انہدامی کارروائی کو طاقت کی حکمرانی قرار دیا۔

Prakash Ambedkar.Photo:INN
پرکاش امبیڈکر-تصویر:آئی این این
اورنگ آباد میں ایم آئی ایم کارپوریٹر متین پٹیل کی دکان ومکان کو میونسپل کارپوریشن کے عملے نے منہدم کر دیا۔ پرکاش امبیڈکر کی قیادت والی ونچت بہوجن اگھاڑی نے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان طیب ظفر نے سوشل میڈیا پوسٹ کےذریعے کہا ہے کہ’’ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن جو غلط ہے وہ غلط ہی ہے۔‘‘اپنے بیان میں طیب ظفر نے کہا کہ’’ اگر متین پٹیل پر کوئی فوجداری الزام ہے تو قانون کے مطابق جانچ ہونی چاہئے، عدالت فیصلہ کرے اور قانونی عمل اپنی راہ اختیار کرے۔ تاہم کسی شہری یا خاندان کی املاک کو مکمل قانونی عمل اور مناسب موقع دیئے بغیر بلڈوزر کے ذریعے منہدم کرنا قانون کی حکمرانی نہیں بلکہ طاقت کی حکمرانی ہے۔‘‘ 
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ’بلڈوزر جسٹس‘ کے معاملے پر واضح رہنما ہدایات دی جا چکی ہیں کہ کسی بھی ملزم کی جائیداد کو سزا کے طور پر منہدم نہیں کیا جا سکتا، اس کے باوجود بعض مقامات پر اس طرح کی کارروائیاں جاری ہیں۔ طیب ظفر نے کہا کہ اس کارروائی کے بعد متین پٹیل کی اہلیہ، بچے اور خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بچوں نے کوئی جرم کیا ہے؟ یا خاندان کا کوئی قصور ہے؟
 
 
وی بی اے ترجمان نے کہا کہ’’ ہماری پارٹی کا  ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ چاہے کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والا شخص ہو، بہوجن ہو یا اقلیتی طبقے سے، قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہئے۔انہوں نے الزام لگایا کہ منتخب انداز میں کی جانے والی بلڈوزر کارروائیاں نہ صرف آئینی اقدار کے خلاف ہیں بلکہ اس سے غریب اور کمزور طبقات میں خوف کا ماحول بھی پیدا ہو رہا ہے۔‘‘ 
 
 
طیب ظفر نے مطالبہ کیا کہ پورا معاملہ قانون کے مطابق غیرجانبدارانہ اور شفاف انداز میں نمٹایا جائے، جب کہ متاثرہ خاندان کو انصاف اور مناسب راحت فراہم کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفت اپنی جگہ موجود رہ سکتی ہے  لیکن انسانیت اور آئین سب سے بالاتر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK