• Mon, 15 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویٹیکن: ’’گریس آف دی ورلڈ‘‘ کنسرٹ، آسمان ڈرونز کی روشنیوں سے جگمگا اٹھا

Updated: September 15, 2025, 9:04 PM IST | Vatican

سنیچر کی شام ویٹیکن سٹی کا سینٹ پیٹرز اسکوائر ایک بڑے جشن کا مقام بن گیا۔ ’’گریس آف دی ورلڈ‘‘ کنسرٹ کے آخری دن آسمان ۳؍ ہزار سے زائد ڈرونز کی روشنیوں سے جگمگا اٹھا، آدم کی تخلیق سے لے کر پوپ فرانسس تک، عیسائی مت کے اہم واقعات ڈرونز کی مدد سے پیش کئے گئے۔

A view of the drone show in Vatican City. Photo: X
ویٹیکن سٹی میں ڈرون شو کا ایک منظر۔ تصویر: ایکس

ویٹیکن سٹی کا سینٹ پیٹرز اسکوائر سنیچر کی رات ایک شاندار تقریب کا اسٹیج بن گیا۔ یہاں دسیوں ہزاروں لوگ ’’گریس فار دی ورلڈ‘‘ کنسرٹ کیلئے جمع ہوئے۔ یہ بنی نوع انسان اور انسانی ہمدری پر مبنی ایک اجلاس تھا جو گزشتہ دو برسوں سے منعقد کیا جارہا ہے تاکہ اس کے ذریعے انسانیت اور بھائی چارگی کا پیغام عام کیا جاسکے اور انسانوں کو بتایا جاسکے کہ سبھی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ دورِ حاضر میں مذاہب اور برادریوں کے نام پر انسان الگ الگ گروہوں میں تقسیم ہوگئے ہیں لیکن انسانیت ہی ایک ایسا جذبہ ہے جس کے ذریعے انہیں متحد کرنا ممکن ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’گلوبل صمود‘: تیونس سے ۱۶ کشتیاں روانہ، یونان سے ۲؍ امدادی کشتیاں بیڑے میں شامل ہوگی

تقریب میں سینٹ پیٹرس چرچ کے عین اوپر ۳؍ ہزار سے زائد ڈرونز منڈلانے لگے اور اپنی روشنیوں سے آنجہانی پوپ فرانسس کی شبیہ بناکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا، اسی طرح عیسائی مت میں مقدس خیال کی جانے والی چند عمارتوں کو ڈرونز کی مدد سے پیش کیا گیا۔ اس کے بعد عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ اور گلوکار اینڈریا بوسیلی اور ٹیڈی سویمس نے انسانیت کے جذبے کو جھنجھوڑ دینے والے نغمے گائے اور پھر آسمان ایک بڑا کینوس بن گیا اور ڈرونز اپنی روشنی سے انہیں منور کرنے لگے۔
ڈرونز شو کا آغاز مائیکل انجیلو کی معروف پینٹنگ ’’کریئشن آف ایڈم‘‘ (آدم کی تخلیق) سے ہوا۔ چند سیکنڈز کے بعد ڈرونز نے اپنی جگہیں بدلیں اور ایک فاختہ آسمان پر اڑنے لگی۔ یہ امن کا پیغام تھا ۔ یہ دنیا میں جاری جنگوں کو ختم کرکے امن کے پیغام کو عام کرنے کا مطالبہ تھا۔ اور پھر ڈرونز نے ’’پیتا‘‘ بنایا۔ یہ مشہور مجسمہ کنواری مریم کا ہے جن کی گود میں مسیحا کی لاش پڑی ہے۔ واضح رہے کہ عیسائی مت میں یہ وہ تاریخی لمحہ ہے جب صلیب سے مسیحا کو اتار کر مریم کی گود میں لٹایا گیا تھا۔ مائیکل انجیلو کا بنایا ہوا یہ مجسمہ متذکرہ چرچ ہی میں واقع ہے جسے دیکھنے کیلئے ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ خیال رہے کہ اس شو میں آدم کی تخلیق سے لے کر پوپ فرانسس کی موت تک، عیسائی مت کے اہم واقعات کو ڈرونز کے ذریعے پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: صنعا اخبار کے ہیڈکوارٹرس پر اسرائیلی فضائی حملے میں ۳۱؍ یمنی صحافی جاں بحق

اس تقریب کے ذریعے عالمی برادری کو متحد ہونے، ثقافتوں کے درمیان بات چیت کو فروغ اور عالمی بحران کے وقت امید کا پیغام دیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تاریخ میں پہلی بار سینٹ پیٹرز اسکوائر کو اس پیمانے کے کنسرٹ کیلئے کھلے میدان میں تبدیل کیا گیا۔اس دو روزہ عالمی اجلاس میں ۵۰۰؍ اہم شخصیات نے اظہار خیال کیا جن میں نوبیل انعام یافتہ، ماہرین تعلیم، ثقافتی لیڈر، اور ٹیکنالوجی اور ماحولیات کے ماہرین شامل تھے۔ اجلاس میں امن، سیارے کی دیکھ بھال، ٹیکنالوجی کے اثرات، اور انسانیت کا مستقبل جیسے موضوعات کو احاطہ کیا گیا ۔ امن نوبیل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی (ہندوستان)، کارکن گراسا مچیل (موزمبیق) اور نادیہ مراد (عراق) نے انسانی وقار اور بھائی چارے پر زور دیتے ہوئے جنگ اور تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔پوپ لیو کنسرٹ میں موجود نہیں تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK