Inquilab Logo

’’ بدعنوانی کی وجہ سے سمردھی ہائی وے پر گڑھے پڑ رہے ہیں‘‘

Updated: March 04, 2024, 11:31 AM IST | Ali Imran | Nagpur

کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار نے الزام لگایا کہ سمردھی ہائی وے کی تعمیرات کا ٹھیکہ دینے کیلئے کروڑوں روپے حکمرانوں کی جیب میں گئے، یہ بھی کہا کہ ’’ حفاظتی جالیاں لگائی جارہی ہیں انکی قیمت بہت کم ہےلیکن مخصوص ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ٹینڈر نکالے گئے۔ ‘‘

Vijay Wadettiwar can be seen interacting with media persons in Nagpur. Photo: INN
ناگپور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے وڈیٹیوار دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

حادثوں کی کثرت سے ہمیشہ سرخیوں رہنے والا سمردھی ہائی وے، اس کے پل پر گڑھا ہونے سے ایک بار پھر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ سمردھی ہائی وے کی ناقص تعمیرات کی خبر میڈیا میں آنے کے بعد اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکمراں طبقہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ 
واضح رہے کہ دو دن قبل امراوتی ضلع سے گزرنے والے سمردھی ہائی وے پر لوہوگاؤں کے قریب واقع پل کے ایک حصہ کا کنکریٹ گر گیا اور وہاں بڑا گڑھا پڑگیا ہے۔ خوش قسمتی سے اس باعث کوئی بڑا حادثہ نہیں ہوا جبکہ سمردھی ہائی وے پر ٹریفک شروع ہوئے صرف ۱۴؍ مہینے ہوئے ہیں۔ کانگریس لیڈر وجئے وڈیٹیوار نے الزام لگایا ہے کہ’’ ملیدہ کھانے کی وجہ سے سمردھی میں گڑھے میں پڑ رہے ہیں، ٹھیکے دینے کے لئے کروڑوں روپے حکمرانوں نے جیب میں ڈالے ہیں۔ ‘‘ وڈیٹی وار نے ناگپور میں میڈیا کے نمائندوں  سے بات چیت کے دوران یہ الزامات لگائے۔ وجے وڈیٹیوار نے کہا، سمردھی ہائی وے کا افتتاح وزیر اعظم مودی کو بلا کر جلد بازی میں کیا گیا۔ سمردھی ہائی وے پر حفاظت کے لحاظ سے جو اقدامات کیے جانے چاہیے تھے وہ نہیں کیے گئے ہیں۔ بڑے بڑے حادثات ہونے کے بعد بھی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے جبکہ یہ انتہائی ضروری تھا۔ 
کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ’’جلد بازی میں کیا گیا تعمیری کام ناقص معیار کا تھا۔ اس کی ہر طرف ملامت کی جارہی ہے اور آج عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ یہ شاہراہ کیسے بنائی گئی ہے۔ سمردھی منصوبے میں بھاری کمیشن کھایا گیا، ٹھیکے دیتے ہوئے سمردھی کے حکمرانوں نے کروڑوں روپے جیب میں ڈالے۔ ‘‘ انہوں  نے کہا کہ’’ گاڑیوں کی حفاظت کے لئے اب۷۰۰؍ کلومیٹر سمردھی ہائی وے کے دونوں طرف حفاظتی جالیاں لگانے کا۲۴۰۰؍ کروڑ کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔ دونوں طرف جو حفاظتی جالیاں لگائی جارہی ہیں اس کی قیمت بہت کم ہے۔ لیکن کچھ مخصوص ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ٹینڈر نکالے گئے ہیں۔ اس منصوبے میں ملیدہ کھانے کی وجہ سے سمردھی میں گڑھے پڑ رہے ہیں۔ ‘‘

سمردھی ہائی وے پرکہاں گڑھا پڑ ا؟
یہ معاملہ دو روزقبل تب سامنے آیا جب  ممبئی سمردھی ہائی وے پرناندگاؤں کھنڈیشور تعلقہ میں لوہو گاؤں کے قریب واقع پل سے کچھ کسان گزررہے تھے، اس دوران  ایک حصہ کا کنکریٹ گرگیا اور وہاں بڑا گڑھا ہوگیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا انتظامیہ کو فوری طور پر اس کی اطلاع دی گئی۔ یہاں  عارضی دیوار کھڑی کرکے ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے بھرویر اور اگت پوری کے درمیان ممبئی ۔ ناگپور سمردھی ہائی وے کے تیسرے مرحلے کا کام آخر کار مکمل ہو گیا ہے اور یہ ۲۵؍ کلومیٹر طویل حصہ پیر۴؍مارچ کو استعمال میں لایا جائے گا لیکن اس سے پہلے ہی یہ صورتحال ہے کہ پل پر ایک بڑا سوراخ ہوگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK