Updated: August 07, 2026, 10:06 PM IST
| Stolkhomes
مشہور تاریخی ڈرامہ سیریز Vikings میں Floki کا کردار ادا کرنے والے سویڈش اداکار Gustaf Skarsgård نے فلسطینیوں کی حمایت کا کھل کر اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے مؤقف کے ممکنہ نتائج سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے ’’Free Marwan, Free Palestine‘‘ مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف اس بات پر شرمندگی محسوس ہوتی ہے کہ ان کا کردار صرف ایک ویڈیو پیغام یا ٹی شرٹ پہننے تک محدود ہے، جبکہ دوسرے لوگ غزہ کی ناکہ بندی توڑنے یا زمینی حقائق دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
سویڈن سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار گستاف اسکارشگارڈ۔ تصویر: ایکس
سویڈن سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار گستاف اسکارشگارڈ (Gustaf Skarsgård)، جنہیں دنیا بھر میں مقبول تاریخی ڈرامہ ’’Vikings‘‘ میں Floki کے کردار سے غیر معمولی شہرت ملی، نے فلسطینی عوام کے حق میں کھل کر آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے مؤقف کے باعث کسی بھی ممکنہ ردعمل یا تنقید سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ اسکارشگارڈ نے ’’Free Marwan, Free Palestine‘‘ مہم کی حمایت میں جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میںکہا کہ ’’میں اس مہم کی پورے دل سے حمایت کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزیدکہا کہ ’’مجھے صرف اس بات پر شرمندگی محسوس ہوتی ہے کہ میں صرف ایک ٹی شرٹ پہن رہا ہوں، جبکہ دوسرے لوگ غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے کشتیوں پر جا رہے ہیں یا میدانِ عمل میں رہ کر رپورٹنگ کرتے ہوئے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔‘‘
اداکار نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ’’میں فلسطینیوں کی حمایت کے نتائج سے نہیں ڈرتا۔‘‘ انہوں نے مزیدکہا کہ ’’فلسطین کو آزادی ملنی چاہیے۔ قبضہ ختم ہونا چاہیے اور غیر قانونی بستیاں بھی ختم ہونی چاہئیں۔ جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوگا، کوئی بھی حقیقی معنوں میں آزاد نہیں ہو سکتا۔‘‘ گستاف اسکارشگارڈ نے اپنے ابتدائی تذبذب کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ردعمل کے خوف کی وجہ سے خاموش نہیں تھے، بلکہ انہیں محسوس ہوتا تھا کہ ان کا علامتی اظہار ان لوگوں کی قربانیوں کے مقابلے میں بہت چھوٹا ہے جو غزہ کی ناکہ بندی ختم کرانے یا وہاں سے دنیا کو حقائق پہنچانے کے لیے عملی میدان میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ایک پر حملہ سب پر حملہ تصور ہوگا: ترکی، سعودی، پاکستان کا تاریخی دفاعی معاہدہ
یہ ویڈیو ۵؍ اگست ۲۰۲۶ء کو ’’Free Marwan, Free Palestine‘‘ مہم اور اس سے وابستہ متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا گیا، جس کے بعد اسکارشگارڈ کا بیان مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی تیزی سے وائرل ہو گیا۔ تاہم دستیاب ذرائع میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ویڈیو کب ریکارڈ کی گئی تھی یا اداکار نے یہ بیان کس وقت دیا تھا۔ گستاف اسکارشگارڈ ہالی ووڈ اور یورپی فلمی دنیا کے ان فنکاروں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے حالیہ برسوں میں فلسطینی عوام کے حق میں کھل کر مؤقف اختیار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے بیان کو بڑی تعداد میں صارفین نے شیئر کیا، جبکہ مختلف حلقوں کی جانب سے اس پر ملا جلا ردعمل بھی سامنے آیا۔