پیپر لیٖک کے خلاف جنتر منتر پر احتجاج کر کے ملک گیر شہرت حاصل کرنے والی کاکروچ جنتا پارٹی ( سی جے پی)نے اب ووٹ چوری اور ایس آئی آر میں گڑبڑی کے خلاف مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سی جے پی کے صدر ابھیجیت دپکے۔ تصویر: آئی این این
پیپر لیٖک کے خلاف جنتر منتر پر احتجاج کر کے ملک گیر شہرت حاصل کرنے والی کاکروچ جنتا پارٹی ( سی جے پی)نے اب ووٹ چوری اور ایس آئی آر میں گڑبڑی کے خلاف مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی سلسلے میں سی جے پی کے قومی صدر ابھیجیت دپکے نے ۲؍اکتوبر کو گاندھی جینتی کی مناسبت سے دادر کے شیواجی پارک میں جیل بھرو آندولن کا اعلان کیا ہے۔ اورنگ آباد میں پیدا ہونے والے ابھیجیت دپکے پونے اور اس کے بعد امریکہ میں پڑھائی کی۔ دہلی کے بعد اب ممبئی میں احتجاج کرنے پر سوال پیدا ہو رہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف آخر ممبئی میں احتجاج کیوں کیا جانے والا ہے؟
سی جے پی کے بانی ابھیجیت دپکے نے اس کا جواب دیاکہ ’’چونکہ ووٹ چوری کی شروعات ممبئی اور مہاراشٹر سے ہوئی تھی۔ اس گھوٹالے کا آغاز مہاراشٹر سے ہوا ہے۔ ۲۰۲۴ء میں (لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات کے درمیان) اس میں نمایاں اضافہ دیکھنے ملا تھا اور چونکہ ممبئی مہاراشٹر کا دارالحکومت ہے اسی لئے یہاں پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جیل بھرو احتجاج کیا جارہا ہے۔ ‘‘
اس کے علاوہ دپکے نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیاہے کہ کس طرح ۲؍علاقائی جماعتوں کو توڑا گیا۔ یہ شیو سینا اور این سی پی کی جانب اشارہ تھا جنہیں تقسیم کر دیاگیا۔
اسی سلسلے میں انقلاب نے سی جے پی کے ممبئی کے کوآرڈینیٹر پرنئے آہیرے سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے بتایاکہ ’’پیپر لیک معاملے میں جنتر منتر پر احتجاج میں ہمیں ممبئی سے بہت پیار اور حمایت ملی تھی اسی لئے گیانیش کمار کے خلاف جیل بھرو آندولن شیواجی پارک میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ پولیس نے پر امن احتجا ج کرنے کی اجازت نہیں دی ہے لیکن سی جے پی کے کارکنان اور دیگر نوجوان جو ملک کے آئین کو بچانا چاہتے ہیں ، ہمارے اس احتجاج میں شرکت کریں گے ۔ اس احتجاج میں ہمیں متعدد تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں کی جانب سے حمایت بھی مل رہی ہے۔‘‘