ہاشمیہ اسکول اور سدھار کمیٹی آف زکریامسجد ووٹرمیپنگ مہم میں بی ایل اوز کی مددکر رہے ہیں، ہاشمیہ اسکول کے عملہ کو بھی انتظامی کاموں پرمامور کیا گیا ہے۔
ہاشمیہ اُردو ہائی اسکول کے ایک کمرے میں ووٹر میپنگ کے لئے لوگ جمع ہیں۔ تصویر:آئی این این
ایس آئی آر سےمتعلق جاری ووٹرمیپنگ مہم میں محمدعلی روڈ کی ہاشمیہ اُردو ہائی اسکول اور مقامی سماجی تنظیم سدھار کمیٹی آف زکریامسجد اسٹریٹ بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔رائے دہندگان کی سہولت کیلئے اسکول ھٰذا میں بی ایل اوز تعینات کئے گئےہیں جہاں روزانہ سیکڑوں افراد کی ووٹر میپنگ ہو رہی ہے۔
ہاشمیہ اُردو ہائی اسکول کے سرپرست رضوان کوٹ والا کے مطابق ’’ہم نے اپنے اسکول میں قلابہ اسمبلی حلقہ کیلئے مقرر کردہ ۵؍بی ایل اوز تعینات کئےہیں جو گزشتہ ایک ہفتہ سے وو ٹر میپنگ کر نےکی ذمہ داری نبھا رہے ہیں ۔ ان بی ایل اوز کے پاس جن الیکشن بوتھ کی یادی ہے، ان کے رائےدہندگان کی ووٹرمیپنگ کا کام کیا جا رہاہے تاکہ ووٹروں کو میپنگ کیلئے پریشان نہ ہونا پڑے ۔ بی ایل اوز اور میپنگ کیلئے آنےوالے افرادکی سہولت کیلئے اسکول کے ۲؍عملہ کو بھی انتظامی کاموں پرمامور کیا ہے تاکہ کسی طرح کی بدنظمی نہ ہو۔ ‘‘
مذکورہ کمیٹی کے بانی حنیف نالکھنڈے کے بقول ’’ ہاشمیہ اسکول میں جن یادی کے بی ایل اوز تعینات ہیں ،ان مقامات کے رائے دہندگان کو اطلاع دینے اور ووٹرمیپنگ کے کام کو منظم طور پر جاری رکھنے کیلئے ہم نےبھی ۶؍ نمائندے مقرر کئے ہیں۔ یہ نمائندے بی ایل اوز کی ووٹرمیپنگ میں مدد کر رہےہیں جس کی وجہ سے یہاں روزانہ سیکڑوں افراد کی میپنگ ہو رہی ہے ۔‘‘