وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نےآتشزدگی سانحہ کے مہلوکین کے لواحقین کو ۵-۵؍لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا، ’سن شائن انٹرپرائزیس‘ نامی کارخانہ میں آگ لگی تھی۔
EPAPER
Updated: January 01, 2024, 11:16 AM IST | Agency | Aurangabad/ Mumbai
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نےآتشزدگی سانحہ کے مہلوکین کے لواحقین کو ۵-۵؍لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا، ’سن شائن انٹرپرائزیس‘ نامی کارخانہ میں آگ لگی تھی۔
والوج انڈسٹریل علاقے(ایم آئی ڈی سی) میں ایک دستانے ساز کمپنی میں بھیانک آتشزدگی کے سانحہ میں۶؍مزدور ہلاک ہوگئے ہیں۔ جبکہ آتشزدگی کے نتیجے میں پورا کارخانہ خاکستر ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہو اہے۔ سنیچر کو شب دیر گئے جس وقت آگ بھڑکی ، اس وقت یہاں ۲۰؍ سے زائدمزدور گہری نیند سوئے ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ’سن شائن انٹرپرائزیس‘ نامی کارخانے میں تقریباً ایک بجے آگ لگی۔ شعلے بہت تیزی سے بھڑکے اور آن کی آن میں پورا کارخانہ اس کی زد میں آگیا۔ مزدور ہڑبڑاکر اٹھے اور انہوں نے باہر نکلنے کی کوشش کی۔ کمپنی کا ایگزٹ پوائنٹ بھی تند شعلوں کی زد میں دیکھ کر مزدوروں دوسری طرف بھاگے، بعد ازیں چھت توڑکر اور درختوں کا سہارا لے کر بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ایک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ۱۵؍ ملازمین بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے جبکہ دوسری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ۷؍ مزدور چھت توڑ کر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور بدقسمتی سے ۶؍ مزدور اندر ہی پھنسے رہ گئے ۔ جو بعد میں جھلسنے اور دم گھٹنے کے سبب جائے حادثہ پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی ۶؍ گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں اور تقریباً دو گھنٹوں کی سخت محنت کے بعد فائربریگیڈ کے اہلکار آگ پر قابو پانے میں کامیاب رہے۔آگ کس وجہ سے لگی ، فی الحال اس کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس اس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ ’’ہمارے اہلکار فیکٹری میں داخل ہو گئے ہیں اور ۶؍ مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔‘‘ دوسری جانب جی ایم سی ایچ کے ذرائع کے مطابق ۶؍ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جنہيں مردہ قرار دیا گیا ہے۔
زیادہ ترمزدوروں کا تعلق بہار سے ہے
ذرائع نے بتایا کہ زیادہ تر مزدور بہار کے رہنے والے ہیں اور مرنے والوں کی شناخت مشتاق شیخ(۶۵)، کوثر شیخ(۳۲)، اقبال شیخ (۱۸)، کاکنجی(۵۵) ریاض بھائی (۳۲) اور مغیث (۳۳) کے طورپر ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ شندے نے آتشزدگی مہلوکین کے اہل خانہ کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا
مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے اتوار کواورنگ آباد کے والوج انڈسٹریل میں دستانے بنانے والی ایک کمپنی میں زبردست آگ لگنے سے ہلاک ہونے والے ۶؍افراد کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ آتشزدگی کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شندے نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمی کارکنوں کو فوری طور پر سرکاری خرچ پر طبی امداد فراہم کی جائے۔
جائے حادثہ کا دورہ کس کس نے کیا؟
اس دوران ای جی ایس اور ضلع کے سرپرست وزیر سندیپن بھومرے، مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے اور شیو سینا (شنڈے گروپ) کے ایم ایل اے سنجے شرسات نے جائے واقعہ کا دورہ کیا۔ بھومرے نے حکام کو آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔