Inquilab Logo

مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

Updated: April 02, 2020, 9:06 AM IST | Agency | Mumbai

نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار  نے عوام کو اٹلی، اسپین اور امریکہ کے حالات سے سبق لینے کی صلاح دی

Ajit Pawar - Pic : INN
اجیت پوار ۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر میں کورونا وائر س سے متاثرہ افراد کی تعداد میں  غیر معمولی اضافے کو دیکھتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے  ایک بار پھر عوام سے لاک ڈاؤن کی سختی سے پابندی کی اپیل کی ہے ساتھ ہی متنبہ کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں  کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں  نے کہا ہے کہ  بار بار کی ہدایت کے باوجود اگر شہری یوں ہی گھومتے اور گھروں سے باہر نکلتے رہیں گے تو مزید سختی برتی جائے گی۔
 نائب وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سبزی ترکاری یا دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کے نام پر لوگوں کے بڑی تعداد میں باہر نکلنے سے لاک ڈاؤن کا مقصد ہی فوت ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’لوگوں کو اٹلی، امریکہ اور اسپین  کے حالات سے سبق لینا چاہئے۔ انہیں اپنے رویے میں تبدیلی کرنے کی ضرورت ہے۔انہیں ڈاکٹروں، طبی عملے اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کی خدمات کا احترام کرنا چاہئے۔‘‘مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے پر فکرمندی کا اظہارکرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا ہے کہ ’’صبح کے وقت بڑی تعدا د میں لوگوں کے سبزی ترکاری اور سودا سلف لینے کیلئے نکلنے کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا مقصد ہی فوت ہوتا جارہاہے۔‘‘انہوں نے کہا ہے کہ’’حکومت کو حالات پر نظر ثانی کرتے ہوئے کچھ کڑے قدم اٹھانے پڑسکتے ہیں۔ ‘‘ انہوں  نے کہا کہ کچھ لوگوں کے غیر ذمہ دارانہ برتاؤ کی وجہ سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ متاثر ہورہی ہے۔ نائب وزیراعلیٰ نے متنبہ کیا کہ ’’یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائےگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK