Inquilab Logo

۷؍ سیٹوں پر کانگریس کو حمایت دیں گے، لیکن اکولہ کیلئے ہم نے حمایت نہیں مانگی : پرکاش امبیڈکر

Updated: April 01, 2024, 12:38 PM IST | Ali Imran | Nagapur

’’ وزیر اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کو الیکشن میں چیلنج کرنا پڑے گا۔ عوام کو ان کے۱۰؍ سالہ دوراقتدار کی خامیاں بتانی ہوں گی اور یہ طاقت ’’مہاوکاس اگھاڑی‘‘ میں نہیں بلکہ ونچت میں ہے۔ ‘‘ -پرکاش امبیڈکر

Prakash Ambedkar . Photo: INN
پرکاش امبیڈکر۔ تصویر : آئی این این

 یہاں  ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے پریس کانفرنس کا انعقاد کرکے اپنی پارٹی کی انتخابی تیاریوں اور حکمت عملی کی تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں  نے کہا کہ ہم ۷؍سیٹوں پر کانگریس کو حمایت دیں  گے لیکن اکولہ سیٹ کیلئے ہم نے کوئی حمایت نہیں  مانگی ہے۔ خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات میں مہاوکاس اگھاڑی کی تجویز کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے اتوار کو ناگپور میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کو ایک خط لکھا ہے اور ان سے موصولہ تجویز کے مطابق ناگپور اور کولہاپور میں ونچت اگھاڑی کا امیدوار نہ دیتے ہوئے کانگریس کو اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اکولہ لوک سبھا سیٹ کیلئے ہم نے کانگریس سے حمایت نہیں مانگی ہے۔ ریاست میں لوک سبھا کے انتخابی میدان میں مہایوتی اور مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان متوازن لڑائی کے آثار ہیں۔ اس لیے ووٹوں کی تقسیم سے بچنے کے لیے ’مہاوکاس اگھاڑی‘ ونچت بہوجن اگھاڑی کو ساتھ لینے کی کوشش میں ہے۔ لیکن پرکاش امبیڈکر نے اگھاڑی کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر: بی جے پی اور اتحادیوں میں سیٹوں کی تقسیم پر رسہ کشی!

اس سلسلے میں پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ اب بھی مہاوکاس اگھاڑی میں تینوں پارٹیوں میں ذہنی ہم آہنگی و اتحاد نہیں ہے۔ ہر پارٹی اپنی الگ امیدوار کی لسٹ جاری کر رہی ہے اور پارٹیوں کے درمیان بعض جگہوں پر دراڑ اب بھی برقرار ہے۔ لہٰذا ان کے ساتھ دوبارہ جا کر بگاڑ پیدا کرنا مناسب نہیں۔ تاہم، ہم نے کانگریس صدر کو خط لکھ کر مہاراشٹر کی سات سیٹوں پر اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ۷؍ میں سے دو سیٹوں کے ناموں کے مطابق ہم نے ناگپور اور کولہاپور سے ونچت کا امیدوار دئیے بغیر حمایت دی ہے۔ امبیڈکر نے یہ بھی کہا کہ دیگر پانچ سیٹوں کے بارے میں معلومات کانگریس کی طرف سے آنے کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔ امبیڈکر نے یہ بھی واضح کیا کہ کانگریس نے اکولہ لوک سبھا کے لیے حمایت نہیں مانگی ہے۔ ونچت اس الیکشن میں مہاراشٹر کے زیادہ تر حلقوں سے امیدوار مقابلہ میں اتارے گی۔ امبیڈکر نے یہ بھی الزام لگایا کہ مضبوط پارٹیاں اور لیڈر ونچت امیدواروں کو آگے نہیں آنے دینا چاہتے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK