ایرانی حکام کے مطابق جنوبی صوبے کے سیریک گاؤں میں شادی کی تقریب پر امریکی ڈرون حملے میں۵؍افراد جاں بحق ہوئے۔
EPAPER
Updated: September 03, 2026, 1:32 PM IST | Agency | Tehran
ایرانی حکام کے مطابق جنوبی صوبے کے سیریک گاؤں میں شادی کی تقریب پر امریکی ڈرون حملے میں۵؍افراد جاں بحق ہوئے۔
ایران نے امریکہ پر جنوبی صوبے ہرمزگان کے سیریک کاؤنٹی میں شادی کی تقریب کے دوران ایک مکان پر بمباری کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ وحشیانہ حملہ بدھ کی صبح سیریک کاؤنٹی کے شہر کوہستک میں ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ ان کے مطابق حملے میں خواتین اور بچوں سمیت۵۰؍ سے زائد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی پریس ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایران کی وزارت صحت کے ایک عہدیدار حسین کرمان پور نے ایکس پر لکھا،ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ بجلی اور ٹیلی فون کی سہولت منقطع ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غلاموں کی تجارت میں ملوث ممالک کو معاوضہ دینا ہوگا: اقوام متحدہ کی کمیٹی
ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کی جانب سے جاری فوٹیج میں ایک عمارت دکھائی گئی جس کی دیواریں اور کھڑکیاں دھماکے سے تباہ ہوچکی تھیں جبکہ ملبہ زمین پر بکھرا ہوا تھا۔ امدادی تنظیم نے متعدد بچوں کی تصاویر بھی جاری کیں جو اسپتال میں زیر علاج تھے۔ سیریک کاؤنٹی کے گورنر رضا شاہدیان نے بعد میں سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کو بتایا کہ۶۳؍افراد زخمی ہوئے ہیں اور متاثرین میں۵۰؍ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو قریبی شہر میناب کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی نے دھماکے میں بچ جانے والے ایک بچے کا بیان بھی نشر کیا۔ بچے نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ تقریب کے مقام پر پہنچنے سے پہلے جنگی طیاروں کی آواز سن چکا تھا۔ اس نے کہا، جب ہم وہاں پہنچے تو ایک دھماکہ ہوا۔ دھماکہ انتہائی شدید تھا۔ اینٹیں، پتھر اور سیمنٹ میرے چہرے اور سر سے ٹکرائے اور بہت سے دوسرے لوگ بھی زخمی ہوئے۔ بچے نے مزید کہا، وہاں سب عام شہری تھے۔