ہسپانوی ٹیم نے آر بی لئیپزگ کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے ہرادیا۔
EPAPER
Updated: October 23, 2026, 1:22 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
ہسپانوی ٹیم نے آر بی لئیپزگ کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے ہرادیا۔
ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ نے چمپئن لیگ میں شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے سیزن کی مسلسل تیسری جیت درج کی۔ میڈرڈ میں کھیلے گئے لیگ مقابلے میں انہوں نے جرمنی کے آر بی لئیپزگ کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے ہرایا۔ اس جیت میں برنارڈو سلوا، آردا گلیر، کیلین ایمباپے اور یان دیومانڈے نے گول کئے۔ جرمن کلب کا واحد گول ٹیدیئم گومس نے کیا۔
جرمن ٹیم نے شروعات اچھی کرتے ہوئے ریئل کو سخت ٹکر دی اور ۴۳؍ ویں منٹ تک کھیل کو بغیر گول سے برابر رکھا۔ میچ کے ۴۴؍ ویں منٹ میں آردا گلیر کا ایک شاٹ لئیپزگ کے گول کیپر کے پیروں کے بیچ سے نکل گیا جسے برنارڈو سلوا نے آسانی سے گول میں پہنچا دیا۔ پہلا ہاف ایک صفرسے ریئل میڈرڈ کے حق میں ختم ہوا۔
یہ بھی پڑھئے:۲۰۲۷ء کے ون ڈے ورلڈ کپ میں وراٹ کوہلی اور روہت شرما کھیلیں گے؟
لئیپزگ کو امید تھی کہ دوسرے ہاف میں واپسی ہوگی لیکن ۵۲؍ ویں منٹ میں جوڈ بیلنگھم کے ایک شاندار کراس پر ایمباپے کے ہیڈر سے آگے بڑھی گیند کو گلیر نے قریب سے گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو دوصفرسے آگے کر دیا۔ میچ کے ۸۳؍ ویں منٹ میں یان دیومانڈے کے پاس پر ایمباپے نے دور ہی سے شاندار شاٹ کے ذریعے گیند کو گول میں بھیج کر ٹیم کا اسکور تین صفر کردیا۔ کھیل کے ۸۵؍ویں منٹ میں لئیپزگ کی جانب سے گومس نے واحد گول کیا۔ میچ کے ۸۷؍ ویں منٹ میں دیومانڈے نے خود بھی ایک خوبصورت گول کیا جب انہوں نے براہیم ڈیاز کے کراس پر زبردست شاٹ لگاتے ہوئے اسکور ۴۔ایک کر دیا۔