ہندوستانی اسکواش کھلاڑی نے دنیا کے تیسرے نمبر کی مصری کھلاڑی نور الشربینی کو سیدھے گیم میں ہراکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا۔
EPAPER
Updated: October 23, 2026, 12:51 PM IST | Agency | California
ہندوستانی اسکواش کھلاڑی نے دنیا کے تیسرے نمبر کی مصری کھلاڑی نور الشربینی کو سیدھے گیم میں ہراکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا۔
کیلیفورنیا ،(ایجنسی):ہندوستان کی نوجوان اسکواش کھلاڑی اناہت سنگھ نے اپنے کریئر کی سب سے بڑی جیت درج کرتے ہوئے مصر کی لیجنڈ نور الشربینی کو شکست دے دی۔ ۱۸؍ سالہ اناہت نے دنیا کی تیسرے نمبر کی کھلاڑی اور ۸؍ بار کی عالمی چمپئن الشربینی کو سیدھے گیمز میں۸۔۱۱، ۸۔۱۱، ۷۔۱۱؍ سے ہرا کر خواتین کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ دنیا کی ۱۵؍ ویں نمبر کی کھلاڑی اناہت نے یہ مقابلہ محض ۳۰؍منٹ میں اپنے نام کیا۔
امریکہ کے ریڈ ووڈ سٹی میں کھیلے جا رہے ایک لاکھ ۴۳؍ہزار ۵۰۰؍ڈالر انعامی رقم والے پی ایس اے گولڈ ٹورنامنٹ میں الشربینی ٹاپ سیڈ کھلاڑی تھیں۔ انہیں خطاب کا قوی دعویدار مانا جا رہا تھا لیکن اناہت نے شروع سے ہی انہیں دباؤ میں رکھا۔ ہندوستانی کھلاڑی نے پہلے ۲؍ گیمز ۸۔۱۱؍کے یکساں فرق سے جیتےجبکہ تیسرے گیم میں ۷۔۱۱؍سے جیت درج کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا۔ یہ اناہت کے کریئر کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔ وہ حال ہی میں ایشیائی کھیلوں میں نقرئی تمغہ جیت کر لوٹی ہیں۔ اس کارکردگی سے انہوں نے بین الاقوامی اسکواش میں اپنی بڑھتی ہوئی طاقت کی ایک اور مثال پیش کی ہے۔
میں نے ان کےہر میچ کو دیکھا ہے
جیت کے بعد اناہت نے اعتراف کیاکہ انہیں اپنی آئیڈیل کھلاڑی کے خلاف اس طرح کے نتیجے کی امید نہیں تھی۔ انہوں نے کہا’’میں نے ان کے ہر میچ کو دیکھ کر سیکھا ہے۔ میں ان کی مداح رہی ہوں اور اپنے کریئر میں وہ سب حاصل کرنا چاہتی ہوں، جو انہوں نے کیا ہے۔‘‘ اناہت نے بتایا کہ ہندوستانی نیشنل کوچ نے مقابلے سے پہلے انہیں بھروسہ دلایا تھا کہ اگر وہ اپنا بہترین کھیلتی ہیں تو جیت کا موقع بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:زمبابوے کے خلاف ہرمن پریت کور کا دھماکہ
انہوں نے کہا’’مجھے لگا تھا کہ شروعات میں مجھے ان کے کھیل کو سمجھنے اور مقابلے میں خود کو ڈھالنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ لیکن میری حکمت عملی اچھی طرح کام کر گئی اور میں اسی پر قائم رہی۔ مجھے اب بھی یقین نہیں ہو رہا کہ میں جیت گئی ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ الشربینی کے ساتھ پہلی بار کورٹ شیئر کرنا ان کے لئے خاص تجربہ تھا اور انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مقابلہ اس طرح ان کے حق میں جائے گا۔
اناہت کا اگلا مقابلہ مصر کی دنیا کی ۱۴؍ ویں نمبر کی کھلاڑی سلما ہانی سے ہوگا۔ اناہت نے ۲۰۲۳ء میں پروفیشنل اسکواش میں قدم رکھا تھا۔ سابق عالمی نمبر ایک گریگری گالٹیئر کے ساتھ سورو گھوشال اور اسٹیفن گالیفی کی رہنمائی میں وہ کھیل رہی ہیں۔
الشربینی۸؍ بار کی عالمی چمپئن ہیں
الشربینی اسکواش کی سب سے کامیاب کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ وہ اپنے کریئر میں ۸؍ بار عالمی چمپئن بن چکی ہیں اور ۴؍ بار برٹش اوپن کا خطاب جیت چکی ہیں۔ وہ ۲۶۵؍ہفتوں تک عالمی رینکنگ میں سرفہرست مقام پر بھی رہ چکی ہیں۔ ایسے کھلاڑی کو سیدھے گیمز میں ہرانا اناہت کیلئے بڑی کامیابی ہے۔ نور الشربینی نے ۲۰۲۵ء میں اپنا آخری عالمی خطاب جیتا تھا۔ وہ خواتین کے سنگلز میں سب سے زیادہ عالمی چمپئن شپ خطاب جیتنے کے معاملے میں ملائیشیا کی عظیم کھلاڑی نکول ڈیوڈ کے برابر ہیں اور تاریخ میں سب سے زیادہ مرتبہ عالمی چمپئن شپ فائنل میں پہنچنے والی خاتون اسکواش کھلاڑی ہیں۔