چاندیولی میں کانگریس کے ترنگا مارچ میں سابق ریاستی وزیر محمد عارف نسیم خان کا بیان، مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم مودی ملک کے طلبہ سے عوامی معافی مانگیں۔
EPAPER
Updated: July 27, 2026, 12:23 PM IST | Chandivali
چاندیولی میں کانگریس کے ترنگا مارچ میں سابق ریاستی وزیر محمد عارف نسیم خان کا بیان، مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم مودی ملک کے طلبہ سے عوامی معافی مانگیں۔
مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ پر اتوار کو چاندیولی اسمبلی حلقے میں کانگریس کی جانب سے ایک شاندار ’ترنگا مارچ‘ نکالا گیا۔ ترنگا مارچ کی قیادت مہاراشٹر کے سابق ریاستی وزیر اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن محمد عارف نسیم خان اور مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی نے کی۔ اس موقع پر محمد عارف نسیم خان نے کہا کہ’’دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ اختتام نہیں، طلبہ کو انصاف ملنے تک کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے طلبہ سے عوامی معافی مانگیں۔
یہ بھی پڑھئے: مین ہول میں اسلم شیخ کے گرنے کی تفتیشی رپورٹ عام نہیں ہوئی
مارچ کا آغاز بیل بازار میونسپل اسکول سے ہوا اور یہ بیدی ہال، کاجوپاڑا پائپ لائن اور ۹۰؍فٹ روڈ سے ہوتا ہوا ساکی ناکہ میٹرو اسٹیشن پر قومی ترانا گاکر اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں شرکاء میں میلوڈی چاکلیٹ تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد عارف نسیم خان نے کہا کہ ملک کے کروڑوں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ طلبہ کی انصاف کی جدوجہد کا صرف پہلا مرحلہ ہے، آخری منزل نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: میرا بھائندر کارپوریشن کے دعوت ناموں میں پروٹوکول تنازع
ترنگا مارچ میں وارڈ نمبر۱۶۲؍کے نوجوان کارپوریٹر عامر خان، ممبئی کانگریس کے نائب صدر پربھاکر جاوکر، سینئر لیڈر وزیر ملا، ایڈوکیٹ کیلاش اگاونے، سابق کارپوریٹر شرد پوار، ایڈوکیٹ امول ماتیلے، فیروز میٹھی بوروالا، علی بھوجانی، شرد کدم، طلبہ، نوجوان، سرپرستوں، مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور کئی مقامی شہریوں نے شرکت کی۔