۱۳؍لاکھ سے زائد کیسز پکڑے گئے ۔ اے سی لوکل میں ۱۷۰؍فیصد جرمانہ بڑھا ،کارروائیاں ۵؍ماہ کےدوران کی گئیں
ویسٹرن ریلوے میں ٹکٹ چیکنگ کا منظر۔ تصویر: آئی این این
ویسٹرن ریلوےمیںمسافروں سے ایک ارب روپے سےزائد جرمانہ وصول کیاگیا۔ ۱۳؍لاکھ سے زائد کیسز پکڑے گئے۔ اے سی لوکل میں ۱۷۰؍ فیصد جرمانہ بڑھا۔ یہ کارروائیاںاپریل تا اگست ۵؍ماہ کےدوران کی متعدد ٹکٹ چیکنگ مہم کے دوران کی گئیں۔اس اثناء میں ممبئی کی مضافاتی لوکل ٹرینوں، لمبی دوری کی میل،ایکسپریس ٹرینوں، مسافر ٹرینوں اور اسپیشل ٹرینوں میں ٹکٹوں کی جانچ کی مہم چلائی گئی۔اس کارروائی میں بغیر بک کرائے لے جایا گیا سامان بھی شامل ہے۔ محض اگست کے دوران۲؍لاکھ ۱۳؍ ہزار سے زیادہ بغیر ٹکٹ اور ضابطہ شکنی کرنے والے مسافروں کو پکڑا گیااوران پر۱۷؍کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اہم بات یہ ہےکہ ممبئی کے مضافاتی سیکشن پر ٹکٹوں کی جانچ مہم کے دوران بھی خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے۔ اپریل سے اگست کے دوران، بغیر ٹکٹ سفر کے کل ۴؍لاکھ ۶۵؍ہزارکیسز کا پتہ چلا جس کے نتیجے میں ۲۵؍ کروڑ روپے ۸۵؍لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
اسی طرح ویسٹرن ریلوے نے اے سی مضافاتی لوکل ٹرینوں میں عام ٹکٹ والے غیر مجاز سفر کو روکنے کے لئے مسلسل چیکنگ مہم چلا ئی۔ اپریل سے اگست کے دوران اے سی لوکل ٹرینوں میں۷۸؍ہزار ۶۰۰؍ مسافروںپر جرمانہ عائد کیا گیا اور ان سے ۳؍ کروڑ ۲۶؍لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا، جرمانے کی یہ رقم گزشتہ سال اے سی لوکل ٹرینوں میں کی گئی کارروائی کے مقابلے ۱۷۲؍ فیصد زائد ہے۔اسی طرح دیگر کارروائیاں شامل ہیں۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نےنمائندۂ انقلاب کو مذکورہ بالا تفصیلات مہیا کراتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ’’ اس طرح کی مہم کا بنیادی مقصد غیر مجاز سفر کو روکنے، ریلوے کی آمدنی میں اضافہ اور نظم و ضبط کے ساتھ سفر کو فروغ دینا شامل ہے۔ اس میں ٹکٹ چیکنگ اسٹاف، آرپی ایف اور کمرشیل ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ محنت شامل ہے۔ ‘‘