ایم این ایس کے سابق رکن اسمبلی راجو پاٹل کی بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان پر تنقید۔
EPAPER
Updated: July 20, 2026, 3:20 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Dombivli
ایم این ایس کے سابق رکن اسمبلی راجو پاٹل کی بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان پر تنقید۔
مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) کے لیڈر اور سابق رکن اسمبلی راجو پاٹل نےبی جے پی اور اس کی مقامی قیادت پر شدید سیاسی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹینڈر کے پیسوں پر تکبر دکھانے والوں کو وہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ڈومبیولی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان اور کارپوریٹر دیپیش مہاترے کو آڑے ہاتھوں لیا۔ راجو پاٹل نے مخالفین کو چیلنج کیا کہ اگر ہمت ہے تو وہ ذاتی کیچڑ اچھالنے کے بجائے ترقیاتی کاموں پر بحث کریں۔
ایم این ایس لیڈر راجو پاٹل نے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان پر انتہائی سخت اور چبھتے ہوئے الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی آج کا امیر نہیں بلکہ مرسڈیز گاڑی میں گھومنے والا ایک خاندانی رئیس ہوں۔میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو سرکاری ٹینڈر کے پیسوں سے دولت جمع کر کے تکبر اور گھمنڈ دکھاتے ہیں۔ انہوں نے رویندر چوہان کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ ڈومبیولی کے ایم ایل اے رہے اور طبی تعلیم کے وزیر بھی رہ چکے ہیں لیکن انہوں نے ڈومبیولی کی ترقی کے لئے اصل میں کیا کیا؟ انہیں عوام کو اس بات کا جواب دینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: ووٹر فہرست نظرِ ثانی مہم میں لاپروائی برداشت نہیں کی جائیگی
ایم این ایس لیڈر نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف ہونے والی ٹرولنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر دانستہ طور پر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کورونا کے ہولناک دور میں جب کوئی کسی کے قریب جانے سے بھی ڈرتا تھا انہوں نے دریا دلی دکھاتے ہوئے اپنا ذاتی اسپتال عوام کی مدد کے لئے وقف کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھ پر ۱۰؍ لاکھ روپے کرایہ لینے کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔مجھ پر انگلیاں اٹھانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنا ماضی کھنگالیں۔ اپنے خطاب کو جارحانہ رخ دیتے ہوئے راجو پاٹل نے کہا کہ جب تمہارے بزرگ رکشا چلایا کرتے تھے میں اس وقت سے مرسڈیز میں گھومتا ہوں۔ اگر کوئی ٹینڈر کے پیسوں سے گاڑیاں خرید کر گھمنڈ دکھائے گا تو میں خاموش نہیں رہوں گا۔