Inquilab Logo

کیا پرکاش امبیڈکر پھر اپنے پرانے اتحادی سے ہاتھ ملا ئیں گے؟

Updated: March 29, 2024, 11:22 PM IST | Agency | Aurangabad

ایم آئی ایم کے ریاستی صدر امتیاز جلیل نے کہا ’’ ہمارے دل اور دروازے آج بھی ان کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔‘‘

Winchat also contributed to the victory of Imtiaz Jalil in the last election. Photo: INN
گزشتہ الیکشن میں امتیاز جلیل کی جیت میں ونچت کا بھی تعاون تھا۔ تصویر : آئی این این

 مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان اب تک سیٹوں کی تقسیم پر اتفاق نہیں ہوا ہے بلکہ ایک دوسرے کے امیدواروں کی فہرست کے سبب اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے مایوس ہو کر اپنی پارٹی کے علاحدہ لڑنے کا اعلان کر دیا اور پارٹی کے ۸؍ امیدواروں کی فہرست بھی جاری کر دی۔ اسی دوران پرکاش امبیڈکر نے ایک نیا محاذ کھڑا کرنے کی بات بھی چھیڑی جس میں مراٹھا، مسلم اور او بی سی سماج کو متحد کرنے کا اشارہ  دیا گیا۔  اسی پس منظر میں جب ان کے پرانے اتحادی مجلس اتحادالمسلمین کے ریاستی صدر امتیاز جلیل سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے آج بھی ونچت بہوجن اگھاڑی کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔ ہم مل کر ایک نئی سیاسی مساوات قائم کر سکتے ہیں۔ 
  یاد رہے کہ ۲۰۱۹ء میں ایم آئی ایم اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے درمیان اتحاد ہوا تھا اور اسی اتحاد کی وجہ سے اورنگ آباد سے امتیاز جلیل رکن پارلیمان منتخب ہوئے  تھے۔ لیکن اکولہ سے پرکاش امبیڈکر کو شکست ہوئی تھی۔ مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں یہ اتحاد ٹوٹ گیا تھا۔  اس بار پرکاش امبیڈکر مہا وکاس اگھاڑی میں شامل ہونا چاہتے تھے اور مہا وکاس اگھاڑی انہیں ۴؍ سیٹیں دینا بھی چاہتی تھی لیکن دونوں میں بات نہیں بن سکی۔ ایسی صورت میں ایک بار پھر یہ سوال پیدا ہو ا کہ کیا پرکاش امبیڈکر اپنے پرانے اتحادی اسدالدین اویسی سے ہاتھ ملائیں گے؟  
 اس تعلق سے میڈیا کے کریدنے پر امتیاز جلیل نے کہا ’’ کوئی بات ہوئی ہوگی جسکی وجہ سے  ہمارا اتحاد ختم ہو گیا تھا لیکن ہماری توقع تھی کہ پرکاش امبیڈکر اس پر دوبارہ غور کریں گے۔ مگر ایسا نہیں ہوا۔‘‘ انہوں نے کہا ’’موجودہ سیاسی صورتحال میں کسے خبر تھی کہ شیوسینا کے یوں دو ٹکڑے ہو جائیں گے۔ کس نے سوچا تھا کہ چاچا بھتیجے یعنی شرد پوار اور اجیت پوار الگ ہو جائیں گے؟   ایسی صورت میں ہمارے پاس ایک عمدہ موقع تھا اور ہے۔ پرکاش امبیڈکر کو ایک بار پھر اس بات پر غور کرنا چاہئے کیونکہ ہم ایک نئی مساوات تیار کرکے  زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر جیت حاصل کر سکتے ہیں۔ ‘‘
امتیاز جلیل نے زور دے کر کہا ’’ہمارا دل اور دروازے دونوں ہی پرکاش امبیڈکر کیلئے آج بھی کھلے ہوئے ہیں۔ وہ ساتھ آ جائیں، ہم متحدہ طور پر بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK