Updated: June 16, 2026, 10:05 PM IST
| New York
عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں غیرمعمولی تیزی کے باعث دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق صرف ایک دن میں ۵۰۰؍ ارب پتی افراد کی مجموعی دولت میں ۳۳۶؍ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس میں سب سے بڑا حصہ ایلون مسک کے حصے میں آیا۔
ایلون مسک۔ تصویر: آئی این این
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق، عالمی منڈیوں میں زبردست تیزی اور اسپیس ایکس کے حصص میں غیرمعمولی اضافے کے باعث دنیا کے ۵۰۰؍امیر ترین افراد کی مجموعی دولت میں ایک ہی دن میں ریکارڈ۳۳۶؍ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ پیرکو نیویارک میں کاروبار کے اختتام پر یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد دنیا کے۵۰۰؍ امیر ترین افراد کی مجموعی دولت بڑھ کر۱۳ء۳؍ کھرب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ دنیا کے پہلے کھرب پتی ایلون مسک نے فہرست میں اپنی برتری مزید مستحکم کر لی، کیونکہ ان کی دولت میں ۱۰؍ فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر۱ء۲۷؍ کھرب ڈالر تک پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھئے: خوراک اور توانائی مہنگی، مئی میں تھوک افراطِ زر۹ء۶۸؍ فیصد، جون میں راحت کی امید
اس اضافے کی بنیادی وجہ اسپیس ایکس کے حصص میں تیزی تھی۔ کمپنی نے گزشتہ ہفتے عوامی مارکیٹ میں اپنی شروعات کی تھی، اور پیر کو اس کی مارکیٹ ویلیو میں ۲۰؍فیصد اضافہ ہوا کیونکہ بڑی تعداد میں ریٹیل سرمایہ کاروں نے اس کے شیئرز خریدے۔ اس تیزی کے نتیجے میں مسک کی دولت میں ایک ہی دن میں ۱۶۴؍ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو بلومبرگ انڈیکس میں شامل باقی۴۹۹؍ افراد کی مجموعی یومیہ کمائی کے تقریباً برابر ہے۔ عالمی منڈیوں کو اس وقت مزید سہارا ملا جب یو ایس اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کیلئے ایک عبوری معاہدہ طے پایا، جس سے عالمی توانائی کی سپلائی اور تجارتی بہاؤ سے متعلق خدشات میں کمی آئی۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۲؍ منٹ کی ژالہ باری نے کشمیر کی سیب کی ۳۰؍ فیصد فصل برباد کردی، ۴۰۰؍ کروڑ کا نقصان
اس مثبت پیش رفت کے بعد ڈاؤ جونز صنعتی اوسط ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گیا، جبکہ’’نیس ڈیک ۱۰۰‘‘(Nasdaq 100 ) اور ایم ایس سی آئی ورلڈ انڈیکس بھی اپنی تاریخی بلند ترین سطحوں کے قریب بند ہوئے۔ بلومبرگ انڈیکس نے دنیا کے امیر ترین افراد کے درمیان بڑھتے ہوئے مالی فرق کو بھی اجاگر کیا۔ فہرست کے سرفہرست۵۰؍ ارب پتی اب مجموعی طور پر۶ء۵؍ کھرب ڈالر کے مالک ہیں، جو باقی۴۵۰؍افراد کی۶ء۸؍ کھرب ڈالر کی مجموعی دولت کے تقریباً برابر ہے۔ بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس میں شامل ہونے کیلئے درکار کم از کم دولت بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، جہاں فہرست کے آخری۱۲؍ افراد میں سے ہر ایک کی دولت۷ء۹؍ ارب ڈالر ہے۔