Inquilab Logo

ورلی ماڈل بھیونڈی میں، گھر گھرجاکر ڈاکٹر چیک اَپ کرینگے ، کورونا ٹیسٹ بھی مفت ہوگا

Updated: July 02, 2020, 10:44 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

رکن اسمبلی رئیس شیخ کا پریس کانفرنس میں اعلان ،ڈاکٹروں کی تنظیم ’ایک روپیہ کلینک ‘ کنٹین منٹ زون میں ایک لاکھ افراد کا سروے بھی کریگی

Raees Shaikh - Pic : Inquilab
رکن اسمبلی رئیس شیخ پریس کانفرنس کےد وران ۔ تصویر : انقلاب

بدھ کو رکن اسمبلی رئیس شیخ نے ایک پریس کانفرنس کرکے شہریوں کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا کہ بیشتر اسپتالوں اور دواخانوں کے بند ہونے سے آپ گھبرائیں نہیں اب ہماری تنظیم ’احتساب‘ آپ کے پاس آپ کے گھرتک آکر آپ کا علاج کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر راہل گھولے کی تنظیم ایک روپیہ کلینک اور بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کی ٹیم بھیونڈی شہر میں کارپوریشن کے ذریعے قرار دئے گئے کنٹین منٹ زون کے ایک لاکھ افراد کا سروے کرے گی۔رکن اسمبلی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردی کھانسی بخار سمیت دیگر بیماریوں کا چیک اَپ اور اسکریننگ آپ کے گھر پر ہی ہوگا اور دوائیں بھی آپ کو فورا دی جائیں گی۔کورونا وائرس کی علامات ملنے پر آپ کا کرونا ٹیسٹ بھی آپ کے گھر پر ہی مفت میں کیا جائے گا۔انہوں نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ کنٹین منٹ زون  قرار دئیے گئے علاقوں کے ایک لاکھ افراد تک ہماری ٹیم پہنچے گی۔رئیس شیخ نے کہا کہ یہ مہم ۴؍جولائی کو صبح۱۰؍ بجے سے شام۶؍ بجے تک وارڈ نمبر۹؍اور۱۰؍ میں غیبی نگر خان کمپاونڈ،اولیاء مسجد، اسٹار ہوٹل ، گلزار نگر،انصار نگر،قدوائی نگر میں شروع کی جائیگی جس کے تحت سروے اور چیک اَپ ہوگا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں پر آنے والی ڈاکٹروں کی اس ٹیم کے ساتھ تعاون کریں۔ اپنا اور اپنے گھر والوں کا چیک اَپ کرائیں۔ دواؤں کو پابندی سے استعمال کریں تاکہ ہمارا گھر پریوار اور ہمارا شہر کورونا وائرس کی وباء سے باہر نکل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق سرویلانس بہت اہم ہے۔ سروے درست طریقے سے نہیں ہونے کی وجہ سے گھروں میں لوگ علاج کرتے رہے اور بیمار بڑھ گئی۔ بالکل اخیر میں جانکنی کے وقت باہر علاج کے لئے نکلے جس سے اموات بھی بہت ہوئیں اور کورونا مریضوں کی تعداد میں بھی کافی اضافہ ہوتا چلا گیا 
 ایک روپیہ کلینک کے انچارج ڈاکٹر راہل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ممبئی کے کئی علاقوں میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ لوگوں کا سروے کیا ۔دوائیں دیں لیکن اگر گھروں پر ہی ٹیسٹ کیا جاسکے گا تو مہاراشٹر میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ بھیونڈی شہر میں گھروں پر پہنچ کر لعاب  کے نمونے لئے جائیں گے  اور ایک گھنٹے کے اندر ہی رپورٹ تیار کرلی جائے گی۔چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جیونت دھلے نے بتایا کہ یہ ۱۵؍ دنوں کا پروگرام ہے جورکن اسمبلی رئیس شیخ اور ایک روپیہ کلینک و مہانگر پالیکا کی جانب سے شروع کیا جارہا ہے۔۱۵؍ دنوں میں ایک لاکھ لوگوں کا سروے اور ٹیسٹ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK