قومی شاہراہ پر گڑھے کی وجہ سے موٹر سائیکل سے گرنے سے موت ہوگئی۔
EPAPER
Updated: August 04, 2026, 12:33 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Shahapur
قومی شاہراہ پر گڑھے کی وجہ سے موٹر سائیکل سے گرنے سے موت ہوگئی۔
ممبئی۔ناسک قومی شاہراہ پر موجود خطرناک گڑھے ایک بار پھر ایک قیمتی جان نگل گئے۔ اس بار حادثے کا شکار تھانے کے ٹارگیٹ ڈیزازٹر ریسپونس فورس( ٹی ڈی آر ایف) کے بہادر جوان وکاس گورے ہوئے، جنہوں نے حال ہی میں بھیونڈی کے کوہِ نور اپارٹمنٹ سانحہ کے دوران اپنی جان کی پروا کئے بغیر امدادی کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے متعدد افراد کو ملبے سے بحفاظت نکالا تھا۔
پیر کے روز شاہ پور تعلقہ میں بھارانگی ندی کے پُل کے قریب ان کی موٹر سائیکل سڑک پر موجود ایک بڑے گڑھے کے نتیجے میں گاڑی سے بے قابو ہو کر گر پڑے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ واصح رہے کہ ممبئی۔ناسک شاہراہ گزشتہ کئی ماہ سے گہرے گڑھوں کی وجہ سے حادثات کی شاہراہ بن چکی ہے۔ روزانہ ہزاروں گاڑیاں اس سڑک سے گزرتی ہیں اور ڈرائیوروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متعدد مرتبہ عوام، سماجی تنظیموں اور گاڑی مالکان نے شاہراہ کی مستقل مرمت اور گڑھوں کو فوری طور پر بھرنے کا مطالبہ کیا لیکن متعلقہ محکمے کی جانب سے صرف عارضی پیچ ورک کیا جاتا ہے، جو چند ہی دنوں میں دوبارہ اکھڑ جاتا ہے اور سڑک پہلے سے زیادہ خطرناک بن جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کرلا ٹرمنس پر مختلف کاموں کیلئے آج سے ۱۴؍ اگست تک خصوصی بلاک
وکاس گورے اپنی فرض شناسی، جرأت اور انسان دوستی کے باعث امدادی حلقوں میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ بھیونڈی کے کوہِ نور اپارٹمنٹ سانحہ میں انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مسلسل ریسکیو آپریشن انجام دے کر کئی قیمتی جانیں بچائی تھیں مگر افسوس کہ دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنانے والا یہی بہادر جوان ایک ناقص سڑک اور انتظامی لاپروائی کا شکار ہو گیا۔