• Sat, 27 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روس۔ یوکرین جنگ کے خاتمے پر امریکی سفیروں سے ’’اچھی‘‘ بات چیت ہوئی: زیلنسکی

Updated: December 26, 2025, 10:01 PM IST | Kyiv

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے روس کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی سفیر اسٹیو وٹکوف اور جارڈ کشنر کے ساتھ اہم مشاورت کی۔ گفتگو میں امن منصوبے کو مؤثر اور متوازن بنانے، سلامتی کی ضمانتوں اور دیرپا امن کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

Ukrainian President Zelenskyy. Photo: INN
یوکرین صدر زیلنسکی۔ تصویر: آئی این این

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے امریکہ کے سفیر اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونا لڈ ٹرمپ کے داماد جارڈ کشنر کے ساتھ روس کی یوکرین پر جنگ کے خاتمے کے بارے میں ’’اچھی گفتگو‘‘ کی۔ زیلنسکی نے ایک بیان میں کہا،’’ہم واقعی۲۴؍ گھنٹے کام کر رہے ہیں تاکہ اس سفاک روسی جنگ کے خاتمے کو قریب لایا جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام دستاویزات اور اقدامات حقیقت پسندانہ، مؤثر اور قابل اعتماد ہوں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’ہم نے جاری کام کے کچھ اہم نکات پر بات کی۔ یہاں کچھ اچھے خیالات ہیں جو مشترکہ نتیجہ اور دیرپا امن کی طرف کام کر سکتے ہیں۔ حقیقی سلامتی، حقیقی بحالی، اور حقیقی امن وہی ہیں جو ہم سب کو چاہئے – یوکرین، امریکہ، یورپ، اور ہر وہ شراکت دار جو ہماری مدد کرتا ہے۔‘‘
یوکرین کے لیڈر نے اس بات کا بھی اظہار تشکر کیا کہ بات چیت کے دوران ’’خوش اخلاق الفاظ اور کرسمس کی مبارکبادیں‘‘بھی دی گئیں۔ زیلنسکی نے کہا کہ ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا، جس میں یوکرین کے سینئر مذاکرات کار رستم عمرُوف، وزیر خارجہ اندری سیبیہ، اور چیف آف دی جنرل اسٹاف اندری ہناتو شامل تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: پوتن، بش کو پاکستان کے جوہری ہتھیاروں پر شدید تشویش تھی، ٹرانسکرپٹس کا انکشاف

منصوبے کو بہتر بنانا
یوکرین کی جنگ کے خاتمے کیلئے۲۸؍ نکاتی منصوبہ سب سے پہلے ٹرمپ نے پیش کیا تھا۔ اس کے بعد، اس تجویز کو تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئےقابل قبول بنانے کیلئے کام جاری ہے۔ یہ اقدام اس وقت نظر ثانی کے مراحل سے گزر رہا ہے کیونکہ یوکرین اور اس کے اتحادیوں نے ایسے نکات پر تشویش ظاہر کی جو ماسکو کے حق میں سمجھے جا سکتے ہیں، بشمول علاقے، سلامتی کی ضمانتیں، اور یوکرین کا مستقبل میں مغربی اداروں کے ساتھ تعلق۔ بات چیت کا محور منصوبے کو بہتر بنانا ہے تاکہ یوکرین کی خودمختاری کا احترام ہو، قابل اعتماد سلامتی کی ضمانتیں قائم ہوں، اور پائیدار جنگ بندی کیلئے حالات پیدا ہوں۔ زیلنسکی اور امریکی ایلچیوں کے درمیان جاری مذاکرات اس بات کی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں کہ تجویز کو ایک متوازن فریم ورک میں ڈھالا جائے جو بین الاقوامی سطح پر زیادہ قبولیت حاصل کر سکے اور روس پر بامعنی مذاکرات میں شامل ہونے کا دباؤ برقرار رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK