Updated: November 14, 2025, 10:05 PM IST
| New York
ظہران ممدانی کی ٹیم کو۵۰؍ ہزار نوکری کی درخواستیں ملیں، انہوں نے اسے’نیویارک والوں کی تحریک‘ قرار دیا، اس سے قبل ظہران نے ہر شعبہ کے تجربے کار افراد سےدرخواست کی اپیل کی تھی، جو قابل برداشت لاگت کے ایجنڈے کو پورا کرنے میں مدد کے ساتھ اپنے کیریئر کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔
نیو یارک کے نو منتخب مئیر ظہران ممدانی۔ تصویر: آئی این این
نیویارک شہر کے منتخب مئیرظہران ممدانی کی ٹرانزیشن ٹیم کو انتخاب میں زبردست فتح کے اعلان کے ایک ہفتے کے اندر۵۰؍ ہزار ملازمتوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔دراصل ممدانی کی ٹیم نے ہر شعبے کے تجربے کے حامل افراد سے درخواستوں کی اپیل کی تھی، جن میں انٹری لیول کے کارکنان سے لے کر تجربہ کار پالیسی ساز پیشہ ور افراد شامل ہیں جو قابل برداشت لاگت کے ایجنڈے کو پورا کرنے میں مدد کے ساتھ ساتھ اپنے کیریئر کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نےcom.transition2025 پر ریزومے پورٹل کے ذریعے درخواستیں مدعو کیں۔درخواستوں کی اس بڑی تعداد پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ممدانی نے اسے اہل نیویارک کی تعمیر کردہ تحریک‘‘ قرار دیا، اور کہا کہ یہ عوام کی انتظامیہ میں اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ممدانی کی ٹرانزیشن ٹیم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایلانا لیوپولڈ نے ایک تحریری بیان میں کہا،۵۰؍ ہزار درخواست دہندگان ثابت کر رہے ہیں کہ عوام حکومت کی تمام سطحوں پر اس کام کو انجام دینے میں مدد کے لیے تیار ہیں۔‘‘تاہم، اس بات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا کہ ممدانی کی انتظامیہ کب عہدوں پر تقرریاں شروع کرے گی۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی شٹ ڈاؤن ختم، ایوان نمائندگان نےفنڈنگ بل منظور کرلیا، وفاقی خدمات جلد دوبارہ شروع ہونے کی امید
تاہم ممدانی کی ٹرانزیشن کمیٹی نے اعلان کیا کہ انہیں۳۰؍ گھنٹے سے بھی کم وقت میں۷۰۰۰؍ سے زیادہ عطیہ دہندگان سے۵۱۷۹۴۷؍ ڈالر کی رقم موصول ہوئی، جو یو ایس اے ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سابق میئرز ایرک ایڈمز (۸۸۴؍ عطیہ دہندگان) اور بل ڈی بلیسیو (۸۲۰؍) کے مجموعے سے زیادہ ہے۔واضح رہے کہ عام آدمی کے ہیرو سمجھے جانے والے، نیویارک شہر کے سب سے کم عمر اور پہلے مسلمان میئر ممدانی کو بنیادی طور پر نوجوان ووٹرز کی حمایت حاصل ہوئی جو قابل برداشت لاگت کے خواہشمند ہیں۔ان کی الیکشن پالیسیوں کا مرکز گھروں کے کرایہ کومنجمد (فریز) اور سماجی فوائد کو وسعت دینا تھا، جیسے مفت بس سفراور تمام نیویارک والوں کو عالمی صحت کی دیکھ بھال (یونیورسل ہیلتھ کیئر) کے دائرہ کار میں لانا۔یہ یاد رہے کہ ممدانی، جنہوں نے سابق نیویارک گورنر اینڈریو کومو کو شکست دی، یکم جنوری۲۰۲۶ء کو گریسی مینشن میں میئر کے طور پر حلف لیں گے، جو نیویارک شہرکے میئر کی سرکاری رہائش گاہ ہے اور ایسٹ ریور کے کنارے واقع ہے۔