Updated: February 25, 2026, 1:59 PM IST
|
Agency
| Colombo
آج سپر۔۸؍مرحلے کا اہم معرکہ، سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنےکیلئے دونوں ٹیموں کیلئے جیت ضروری۔
نیوزی لینڈ کو سپر۔۸؍مقابلے میں سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تصویر:آئی این این
ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کے سپر۔۸؍مرحلے میں بدھ کے روز میزبان سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹورنامنٹ میں بقا کے لئے دونوں ٹیموں کے لئے یہ مقابلہ ’کرو یا مرو‘ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ ایک اور شکست کسی بھی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کر سکتی ہے۔یاد رہے کہ سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کا میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔
پلیکل کی سست پچ پر انگلش اسپنروں کے سامنے سری لنکا کا بیٹنگ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور پوری ٹیم محض ۹۵؍ رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ سری لنکا کی پچیں ہندوستان کے مقابلے میں بلے بازی کےلئے زیادہ دشوار گزار ثابت ہو رہی ہیں اور پریماداسا اسٹیڈیم میں بھی یہی صورتحال رہنے کا امکان ہے جہاں طویل باؤنڈریز کی وجہ سے چھکے لگانا آسان نہیں ہوگا۔
سری لنکا کے بلے بازی کوچ وکرم راٹھور نے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’’یہ ٹی۔۲۰؍میچ ہے اور ہر کھلاڑی زیادہ سے زیادہ رن بنانے کی کوشش کرتا ہے لیکن جب گیند بلے پر صحیح طرح سے نہ آ رہی ہو تو کہنا آسان ہے مگر کرنا مشکل۔‘‘تاہم سری لنکا کے لئے پتھم نسانکا کااچھا فارم اور بائیں ہاتھ کے اسپنر دونیتھ ویلالگے کی متاثر کن گیندبازی مثبت پہلو ہیں۔
نیوزی لینڈ کے پاس کپتان مچل سینٹنر سمیت بہترین اسپنرز موجود ہیں جو سری لنکن بلے بازوں کے لئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ کیوی اوپنرز فن ایلن اور ٹم سیفرٹ لیگ مرحلے میں شاندار فارم میں نظر آئے اور وہ اس تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ آل راؤنڈر راچن رویندر سے بھی بڑی اننگز کی توقع ہے جنہوں نے کینیڈا کے خلاف نصف سنچری بنا کر فارم میں واپسی کا ثبوت دیا ہے۔