• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیا کپ کے بعد ایک بار پھر ہندوستان اور پاکستان کا دوحہ میں ۱۶؍ نومبر کو آمنے سامنے

Updated: October 31, 2025, 9:07 PM IST | Mumbai

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ ۲۰۲۵ء میں ۳؍ مقابلے دیکھنے کو ملے تھے، جن میں تینوں میں ٹیم انڈیا نے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان نے پاکستان کو شکست دے کر ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

India And Pakistan.Photo:INN
ہندوستان اور پاکستان۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ ۲۰۲۵ء میں ۳؍ مقابلے دیکھنے کو ملے تھے، جن میں تینوں میں ٹیم انڈیا نے کامیابی حاصل کی۔  ہندوستان نے پاکستان کو شکست دے کر ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اب نومبر ۲۰۲۵ء میں ایک بار پھر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک زبردست بلاک بسٹر مقابلہ ہونے والا ہے۔ دونوں ممالک کی اے ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ رپورٹ کے مطابق ویبھَو سوریہ ونشی بھی اس ٹورنامنٹ میں ٹیم انڈیا کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے رائزنگ اسٹارز ٹی ۲۰؍چیمپئن شپ کا آغاز ۱۴؍ نومبر ۲۰۲۵ء سے دوحہ (قطر) میں ہونے جا رہا ہے۔ اس نوجوان کے ٹورنامنٹ کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ پہلے اسے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے طور پر جانا جاتا تھا۔ رائزنگ اسٹارز ٹی۲۰؍ میں کل ۸؍ ٹیمیں حصہ لیں گی، جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں ہندوستان، عمان، پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ہیں۔ 
کرک بز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا اپنی اے ٹیمیں بھیجیں گے جبکہ یو اے ای، عمان اور ہانگ کانگ اپنی سینئر ٹیموں کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ۱۶؍ نومبر کو میچ کھیلا جائے گا۔
کرک بز کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم انڈیا کا انتخاب ہو چکا ہے اور  ۱۴؍سالہ ویبھَو سوریہ ونشی کو بھی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی ایک یا دو دن میں ۱۵؍ رکنی ٹیم کا باضابطہ اعلان کر دے گا۔ ویبھَو سوریہ ونشی نے اب تک انڈر ۱۹؍ٹیم کے لیے اپنی شاندار بلے بازی سے متاثر کیا ہے، اور اب ان کے پاس اے سی سی رائزنگ اسٹارز ٹی۲۰؍ چیمپئن شپ میں بھی اپنی صلاحیت دکھانے کا سنہری موقع ہے۔

یہ بھی پڑھئے:میلبورن میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو ۴؍ وکٹ سے شکست دے دی

ابھیشیک شرما نے وراٹ کوہلی کی برابری کی
 ابھیشیک شرما آسٹریلیا کے خلاف ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میں تیسری تیز ترین نصف سنچری بنانے والے  ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔  آسٹریلیا میں سب سے تیز ٹی ۲۰؍ نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ روہت شرما کے نام ہے، جنہوں نے۲۰۲۴ء میں گروس آئی لیٹ میں صرف ۱۹؍ گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اسی فہرست میں دوسرے نمبر پر یو راج سنگھ ہیں، جنہوں نے ۲۰۰۷ء میں ڈربن میں ۲۰؍ گیندوں پر ۵۰؍ رن بنائے تھے  تاہم، آسٹریلیا میں کسی بھی ہندوستانی بلے باز کی جانب سے یہ سب سے تیز نصف سنچری ہے۔ اس نصف سنچری کے ساتھ ابھیشیک شرما نے ٹی۲۰؍ کرکٹ میں ہندوستان کی جانب سے اپنی ابتدائی۲۵؍  اننگز میں سب سے زیادہ ۵۰؍ پلس اسکور کرنے کے معاملے میں وراٹ کوہلی کی برابری کر لی ہے۔ کوہلی نے اپنی پہلی ۲۵؍  ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل اننگز میں ۸؍ مرتبہ ۵۰؍ سے زیادہ رن بنائے تھے، جب کہ اب ابھیشیک نے بھی اپنی ابتدائی ۲۵؍ اننگز میں یہی کارنامہ انجام دیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK