۲۲۸؍رن کی شکست کے بعد پاکستان کا رن ریٹ منفی ہے اور وہ تیسری پوزیشن پر ہے۔ ایشیاکپ میں سری لنکا دوسری پوزیشن پر موجود ۔
EPAPER
Updated: September 13, 2023, 12:30 PM IST | Agency | Colombo
۲۲۸؍رن کی شکست کے بعد پاکستان کا رن ریٹ منفی ہے اور وہ تیسری پوزیشن پر ہے۔ ایشیاکپ میں سری لنکا دوسری پوزیشن پر موجود ۔
ایشیاکپ کے سپر ۴؍ مرحلے میں ہندوستان کے ہاتھوں ۲۲۸؍ رن کے بڑے فرق سے شکست نے پاکستانی ٹیم کے ایونٹ کے فائنل کھیلنے کی راہ میں مشکلات کے نئے انبار لگا دیئے۔
ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی ٹیم ایشیاکپ میں پوائنٹس ٹیبل پر۲؍ پوائنٹس کے باوجود تیسری پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ اس کا نیٹ ریٹ بھی منفی۱ء۸۹۲؍ ہوگیا ہے جبکہ ہندوستان ایک میچ میں ۲؍ پوائنٹس کے ساتھ ۴ء۵۶۰؍نیٹ ریٹ کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہے۔خیال رہے کہ یہ نیٹ رن ریٹ ہندوستان اور پاکستان کے میچ کے بعد کا ہے۔
دوسرف طرف میزبان سری لنکا دوسری پوزیش پر موجود ہے، آئی لینڈرس نے بنگال ٹائیگرس کو سپر۴؍ مرحلے میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا اور ان کا نیٹ ریٹ بھی پاکستان سے بہتر ہے۔ اگرمنگل کوہندوستان اور سری لنکا کا میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ ملے گا جس سے ان کے پوائنٹس کی تعداد۳۔۳؍ ہوجائے گی جبکہ پاکستان کو اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے اگر میچ میں بارش ہوئی یا پاکستانی ٹیم کو شکست ہوتی ہے تو فائنل کھیلنے کی اُمیدیں معدوم ہوجائیں گی۔دوسری جانب اگر سری لنکا اور پاکستان کا میچ بارش کی نذر ہوا تب بھی پاکستان ایونٹ کے فائنل سے محروم رہے گا کیونکہ نیٹ ریٹ پر سری لنکا گرین شرٹس سے بہت آگے ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے خلاف ۲۲۸؍ رن کی تاریخی ہار پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر بھی کرسکتی ہے۔
ہندوستان سے شکست یاددہانی ہے:گرانٹ
پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی ہندوستانی ٹیم کے ہاتھوں شکست اگلے ماہ ورلڈ کپ سے پہلے اپنی کارکردگی پر متحد ہوکر توجہ دینے کے لئے ایک ’یاد دہانی‘ ہے۔ ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دل کا احساس یہ ہے کہ ہم اس تحفے کیلئے شکر گزار ہیں جو پچھلے دو دنوں سے ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے اکثر کھیلنے کو نہیں ملتا ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم نے پچھلے ۳؍ مہینوں سے کرکٹ کا کوئی میچ نہیں ہارا ہے، اس لئے یہ ایک بروقت یاد دہانی ہے کہ ہمیں ہر روز بہتری لانے کی ضرورت ہے،اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور یہ (شکست) حقیقت میں ہمارے پاس پچھلے دو دنوں میں ایک تحفہ ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیتنے کے بعد گیندبازی کا فیصلہ کیا لیکن روہت شرما اور شبھمن گل کے درمیان ۱۲۱؍رن کے ابتدائی اسٹینڈ کے بعد ٹیم جلد ہی اپنی گرفت گنوا بیٹھی۔
نسیم، حارث باہر،زمان اور شاہنواز ٹیم میں
ایشیاکپ میں ہندوستان کے خلاف سپر۴؍ مرحلے کے میچ میں نسیم شاہ اور حارث رؤف کی انجریز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی پریشانیوں میں اضافہ کردیاہے۔پیرکو پاکستان کو ایشیاکپ کے اہم معرکے میں ہندوستان سے۲۲۸؍ رن کے بڑے فرق سے شکست دی تو حارث رؤف۵؍ اوورس جبکہ نسیم شاہ۹ء۲؍ اوورس گیند بازی کرسکے اور میدان چھوڑ گئے۔دونوں گیندبازوں کی انجریز کا جائزہ لینے کے بعد ایشیاکپ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گرین شرٹس کے دونوں تیز گیندبازسری لنکا کے خلاف اہم میچ سے قبل باہر ہوسکتے ہیں ۔پاکستان نے نسیم شاہ اور حارث کے بیک اَپ کے طور پر شاہنواز دھانی اور زمان خان کو طلب کرلیا ہے۔دوسری جانب ٹیم انتظامیہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی سے صرف اس صورت میں متبادل کی درخواست کرے گی۔اس بات کا قوی امکان ہے کہ حارث اور نسیم جمعرات کو سری لنکا کے خلاف پاکستان کے آخری سپر۴؍ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔