• Sat, 05 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عمر سے متعلق بے ضابطگی، روہت یادو پر۲؍سال کی پابندی!

Updated: September 05, 2026, 12:54 PM IST | Agency | Kolkata

کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) نے عمر سے متعلق دھوکہ دہی کے معاملے میں لیگ اسپنر روہت یادو پر ۲؍ سال کی پابندی عائد کردی ہے۔

Spin bowler Rohit Yadav. Picture: INN
اسپن گیندباز روہت یادو۔ تصویر: آئی این این

کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) نے عمر سے متعلق دھوکہ دہی کے معاملے میں لیگ اسپنر روہت یادو پر ۲؍ سال کی پابندی عائد کردی ہے۔ یہ بے ضابطگی سی اے بی کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے پری سیزن دستاویزات کی جانچ کے دوران سامنے آئی، جس کے بعد روہت کو ہندوستان کی انڈر۔۱۹؍ٹیم سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔ انہیں رواں ماہ کے آخر میں آسٹریلیا انڈر-۱۹؍ کے خلاف ۵؍ ون ڈے اور ۲؍ ملٹی ڈے میچ کھیلنے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: اسمرتی مندھانا کی ریکارڈ سنچری اننگز سے ہندوستان ناک آؤٹ میں

سی اے بی کے مطابق عمر کے گروپ کی کرکٹ میں بنگال کی نمائندگی کرنے والے روہت کی عمر میں ۲۷؍ماہ کی بے ضابطگی پائی گئی ہے۔ بی سی سی آئی سے وابستہ تمام ریاستی کرکٹ اسوسی ایشنز کو پابندی سے آگاہ کردیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ ہوگئی ہے۔سی اے بی نے عمر سے متعلق اسی طرح کی بے ضابطگیوں پر مزید ۶۴؍کھلاڑیوں پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ ان میں روی کمار بھی شامل ہیں، جو ہندوستان کی انڈر۔۱۹؍ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ تھے اور ۲۰۲۲ء میں کریبین میں انگلینڈ کے خلاف فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز روی کمار نے اسی سال بنگال کی سینئر ٹیم کے لئے ڈیبیو کیا تھا، تاہم وہ آخری بار ۲۰۲۳ء میں کھیلے تھے۔ ان کے ڈیبیو سے۲۶ ۔ ۲۰۲۵ء سیزن تک کے تمام عمر گروپ ریکارڈز کو کالعدم قرار دیا جائے گا۔ کرک انفو کے مطابق روی کمار کی عمر میں ۴۰؍ ماہ سے زیادہ کی بے ضابطگی پائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ایشیا کپ: ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف فاتحانہ سلسلہ برقرار رکھنا چاہے گی

اس سے قبل بی سی سی آئی نے عمر سے متعلق دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے معاملات سے نمٹنے کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں۔ ۲۰۲۰ء میں بورڈ نے قصوروار کھلاڑیوں کے لئے سزا کی شق کے ساتھ ایک معافی اسکیم کی تجویز پیش کی تھی۔ اس کے تحت رجسٹرڈ کھلاڑی اپنی عمر میں کسی بھی بے ضابطگی کی خود اطلاع دے سکتے تھے اور درست تاریخ پیدائش بتانے کی صورت میں معطلی سے بچ سکتے تھے، تاہم قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر پابندی عائد کی جاتی۔

انڈر۔۱۹؍سطح پر عمر کی جانچ کے عمل کے تحت کھلاڑیوں کو پیدائش کے سرٹیفکیٹ کے ساتھ اسکول یا کالج کے تعلیمی ریکارڈ سے متعلق زیادہ سے زیادہ دستاویزات جمع کرانا ہوتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK