Updated: January 08, 2026, 4:33 PM IST
|
Agency
| Dubai
فیفا اور دبئی اسپورٹس کونسل کے درمیان ورلڈ اسپورٹس سمٹ میں مفاہمت پر دستخط۔
دبئی اسپورٹس کونسل اور فیفا کے درمیان معاہدہ کے موقع کی تصویر۔ تصویر: آئی این این
دبئی کو عالمی فٹ بال ایوارڈز کے نئے مرکز کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے جہاں رواں برس سے فیفا بیسٹ ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد ہوگا۔اس سلسلے میں فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا اور دبئی اسپورٹس کونسل (ڈی ایس سی) کے درمیان ورلڈ اسپورٹس سمٹ کے موقع پر مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کر دئیے گئے ہیں۔
عالمی ذرائع کے مطابق یہ اعلان دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی موجودگی میں کیا گیا جہاں فیفا صدر جیانی انفانٹینو اور دبئی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی میں سالانہ عالمی فٹبال ایوارڈز کے اجرا کا باضابطہ اعلان کیا۔
معاہدے کے تحت۲۰۲۶ء سے دبئی واحد شہر ہوگا جہاں فیفا کی سرکاری سالانہ ایوارڈز تقریب منعقد کی جائے گی جس میں دنیا بھر سے فٹ بال کے ممتاز کھلاڑی، کوچ، ٹیمیں اور بااثر شخصیات شرکت کریں گی۔اس تقریب میں گزشتہ سال کی بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں، ٹیموں اور فٹ بال سے وابستہ نمایاں خدمات کو سراہا جائے گا۔فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ دبئی کے ساتھ شراکت داری پر انہیں بے حد خوشی ہے، کیونکہ یہ شہر فٹ بال سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایوارڈز محض ایک تقریب نہیں ہوں گے بلکہ فٹ بال کو جدید اور منفرد انداز میں منانے کا عالمی پلیٹ فارم ثابت ہوں گے۔
دبئی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین شیخ منصور نے اس معاہدے کو دبئی اور فیفا کے مضبوط تعلقات کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت عالمی فٹ بال میں دبئی کے بڑھتے ہوئے کردار اور کھیل کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دبئی عالمی کھیلوں خصوصاً فٹ بال کی ترقی کیلئے تمام ضروری صلاحیتوں کا حامل ہے ۔ ایوارڈز کی مختلف کیٹیگریز، نامزدگی اور ووٹنگ کے طریق کار اور تقریب کی تاریخوں سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی، تاہم اس معاہدہ کو عالمی فٹ بال کیلئے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔