کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی عرب کے فٹبال کلب نے ارجنٹائنا کے کلب ریور پلیٹ کا ۸۷؍سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
EPAPER
Updated: September 16, 2026, 12:10 PM IST | Agency | Riyadh
کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی عرب کے فٹبال کلب نے ارجنٹائنا کے کلب ریور پلیٹ کا ۸۷؍سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم النصر نے فٹبال کی دنیا میں ایک ایسا ریکارڈ قائم کر دیا ہے جسے اب کسی بھی ٹیم کے لئے توڑنا آسان نہیں ہوگا۔ سعودی پرو لیگ میں الخلیج کے خلاف ایک ایک سے ڈرا کے دوران گول کرتے ہوئے النصر نے لگاتار ۹۴؍ میچوں میں کم از کم ایک گول کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس طرح ٹیم نے ارجنٹائنا کے لیجنڈری کلب ریور پلیٹ کا ۹۳؍ میچوں کا ریکارڈ توڑ دیا، جو انہوں نے ۱۹۳۶ء سے ۱۹۳۹ء کے درمیان بنا تھا۔
النصر کا یہ تاریخی سلسلہ دسمبر ۲۰۲۳ء میں شروع ہوا تھا۔ تب ٹیم کو الہلال کے خلاف ۳۔صفرسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے اگلے ہی مقابلے میں النصر نے الریاض کو ۴۔ایک سے ہرایا اور پھر ٹیم نے لگاتار گول کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔الخلیج کے خلاف گزشتہ روز ۷۲؍ویں منٹ میں عبداللہ الحمدان نے برابری کا گول داغ کر اس ریکارڈ پر مہر ثبت کر دی۔ ۲۷؍ سالہ فارورڈ کا یہ گول النصر کے لئے صرف ایک پوائنٹ بچانے والا گول نہیں تھا بلکہ کلب فٹبال کی تاریخ میں ٹیم کو نئی بلندیوں تک پہنچانے والا گول بھی بن گیا۔
یہ بھی پڑھئے:آنجہانی ژوتا کے نام پر نعرے، رونالڈو نے مداحوں پر تاحیات پابندی کا مطالبہ کیا
رونالڈو کی کپتانی میں بنا ریکارڈ
اس پورے ۹۴؍ میچوں کے سلسلے کے دوران رونالڈو النصر کے کپتان رہے ہیں۔ پرتگالی اسٹار نے ۲۰۲۳ء میں اس کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے سعودی پرو لیگ میں ۱۱۳؍ میچ کھیل چکے ہیں۔ ان مقابلوں میں ان کے نام ۱۰۵؍ گول ہیں۔ اگرچہ ریکارڈ بننے کے باوجود النصر الخلیج کے خلاف جیت درج نہیں کر سکا۔ ڈرا کے بعد ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ وہ الہلال سے ۲؍ اور الاتحاد سے ایک پوائنٹ پیچھے ہے۔
رونالڈو پہلے بھی بنا چکے ہیں ایسا ریکارڈ
پرتگال کے اسٹار فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو کےلئے لگاتار گول کرنے کا یہ سلسلہ نیا نہیں ہے۔ ریئل میڈرڈ کے ساتھ اپنے شاندار دور میں وہ اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے اپریل ۲۰۱۶ءسے ستمبر ۲۰۱۷ء کے درمیان لگاتار ۷۳؍میچوں میں گول کیا تھا۔ وہ ریکارڈ تمام مقابلوں کو ملا کر تھا جبکہ النصر کا نیا ریکارڈ ٹاپ لیول کی لیگ کے لگاتار میچوں کا ہے۔۴۱؍سالہ رونالڈو کیلئے موجودہ سیزن بے حد خاص بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ ۲۷۔۲۰۲۶ءکا سیزن پروفیشنل فٹبال میں ان کا آخری سیزن ہو سکتا ہے۔ وہ سینئر سطح پر باضابطہ طور پر ایک ہزار گول پورے کرنے والے تاریخ کے پہلے فٹبالر بننے کی دوڑ میں ہیں۔ ان کے نام فی الحال ۹۷۹؍ گول ہیں۔