Updated: May 07, 2026, 12:48 PM IST
|
Agency
| New Delhi
تاشقند میں جاری اس ٹورنامنٹ میں لڑکوں اور لڑکیوں کی شاندار فتوحات اور سخت مقابلوں کے امتزاج سے ملک کی باکسنگ صلاحیتیں سامنے آئی ہیں۔
نوجوان باکسر محمد یاسر کی کارکردگی متاثر کن رہی- تصویر:آئی این این
ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقدہ ایشین باکسنگ انڈر۱۵؍ اورانڈر۱۷؍ چمپئن شپ۲۰۲۶ء میں ہندوستان کے نوجوان باکسروں نے اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے دونوں زمروں میں بہترین نتائج دئیے ہیں۔انڈر۱۷؍ لڑکوں کے مقابلوں میں یادو یش(۵۰؍ کلوگرام) نے ترکمانستان کے سلیمان احمدوف کے خلاف۰:۵؍ کی یکطرفہ جیت حاصل کی جبکہ کرونا البرٹسن کوم (۶۰؍ کلو گرام) نے تاجکستان کے علی نزاروف کو۱:۴؍ سے ہرا کر سب کو متاثر کیا۔ گوپال رمیشور گنیشے(۵۲؍کلوگرام) کو ایک سخت مقابلے کے بعد تاجکستان کے نزاروف دامیر کے ہاتھوں۲:۳؍سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مشرا پرشانت (۵۷؍کلوگرام) کو چین کے تانگ جئے لیو کے خلاف۰:۵؍ سے ناکامی ہوئی۔
انڈر۱۵؍ لڑکیوں کے کوارٹر فائنل میں خوشی رانا(۴۹؍ کلوگرام) نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویتنام کی تھی نوک ٹرک نگوین کو پہلے ہی راؤنڈ میں آر ایس سی (آر ایس سی) کی بنیاد پر شکست دی۔ اسی طرح ہنشیکا اتری(۴۶؍ کلوگرام) نے ازبکستان کی وسولا بختیورووا پر۰:۵؍ سے فتح حاصل کی، تاہم، نتیا پانڈے (۵۵؍ کلوگرام) نے سخت مقابلہ کیا لیکن وہ قزاقستان کی ارونا شالمن سے ہار گئیں۔انڈر۱۵؍لڑکوں کے ابتدائی راؤنڈ میں سمیر بوہرا (۴۳؍ کلو گرام ) نے چائنیز تائپے کے ہاؤ ٹنگ چانگ کو۰:۵؍ سے شکست دے کر برتری ثابت کی ۔ تاشقند میں جاری اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی جانب سے شاندار جیت اور سخت مقابلوں کے اس امتزاج نے ملک کی ابھرتی ہوئی باکسنگ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
گزشتہ روز نونگ پوکنگنبا میتئی اوینا (۴۶؍ کلوگرام) نے قزاخستان کے عبدالرحمن وشانیلو کو ۰:۵؍کے واضح فرق سے شکست دی۔پرشانت (۴۹؍ کلوگرام) نے بھی قزاقستان ہی کے بقداؤلیٹ اخمت کے خلاف۰:۵؍ کی زبردست جیت درج کی۔محمد یاسر(۵۸؍کلوگرام) نے سب سے زیادہ متاثر کن کارکردگی دکھائی اور کرغزستان کے اکبر جان نبید جانوف کے خلاف پہلے ہی راؤنڈ میں (ریفری اسٹاپ کانٹسٹ) کے ذریعے مقابلہ جیت لیا۔نویش پال(۵۴؍کلو گرام) نے قزاقستان کے عادلت گالیو کو۰:۵؍سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔